لاہور (جیوڈیسک) 6 سالہ طویل انتظار کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے کو ہیں، زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان سترہ مئی کو متوقع ہے۔ بنگلا دیش کے خلاف کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کے بعد ہوم سیریز کے لئے ٹیم کا انتخاب سلیکٹرز کے لئے درد سر بن گیا ہے۔
ٹیم کی سلیکشن کے لئے کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید نے سری لنکا میں قومی اے ٹیم کی کاکردگی کا جائزہ لیا جبکہ آج سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں بھی سلیکٹرز کھلاڑیوں کی کارکردگی کو پرکھیں گے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد سلیکشن کمیٹی ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ دے چکی ہے۔
سب سے اہم ٹی ٹونٹی ٹیم کو تشکیل دینا ہوگا کیونکہ ٹی 20 ورلڈ کپ بھی گیارہ ماہ کی دوری پر ہے جب کہ فیصل آباد میں آج سے شروع ہونےوالا ڈومیسٹک ایونٹ کامران اکمل اور شعیب ملک کے لئے بہت اہم ہوگا جو ان کی قومی ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
زمبابوے کے خلاف قومی ٹیم نے دو ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچزکھیلنے ہیں اور یہ سیریز بائیس مئی سے یکم جون تک جاری رہے گی۔