بولاوایو (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے تیسرے میچ کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں کا اشارہ دیدیا،پاکستانی کپتان نے کہاکہ عثمان شنواری کی بولنگ میں مسلسل نکھار آرہا ہے،اوپنرز کی ثابت قدمی کی بدولت ہدف حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ جیت کا مشن مکمل کرنے کے بعد بنچ پاور کو بھی میدان میں اترنے کا موقع دیں گے، انھوں نے کہا کہ عثمان شنواری نے انجری سے بحالی کے بعد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، سری لنکا کیخلاف فلیٹ پچ پر 4وکٹیں حاصل کرنے والے پیسر کی بولنگ میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اوپنرز نے پُراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، امام الحق کی رخصتی کے بعد بابر اعظم نے ان فارم فخرزمان کا ساتھ دیا،فیلڈنگ میں تھوڑے بہت مسائل ہیں،مجموعی طور پر ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے۔