ہرارے (جیوڈیسک) دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو جیت کے لئے 21 رنز درکار تھے کہ زمبابوین کھلاڑی بیڈ لائٹ کا بہانا بناکر میدان سے باہر چلے گئے جس کے بعد میچ شروع نہ ہوسکا اور گراؤنڈ سے فرار ہونے والی زمبابوین ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت مہمان ٹیم کو 5 رنز سے جیت دے دی گئی۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا تو میزبان ٹیم کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور انہوں نے میچ بچانے کے لئے مقابلہ کرنے کے بجائے میدان سے فرار کی راہ اختیار کی۔ قومی ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے 2 اوور میں 21 رنز درکار تھے اور شعیب ملک 96 اور یاسر شاہ 32 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے کہ زمبابوین ٹیم کے کھلاڑیوں نے بیڈ لائٹ کا بہانا بنایا اور میدان سے باہر جانے کے لئے امپائرز کے پاس جمع ہوگئے۔
اس موقع پر شعیب ملک بھی امپائرز سے بات کرنے میں مصروف تھے کہ میزبان ٹیم میدان چھوڑ کر پویلین لوٹ گئی۔ اچانک زمبابوین کھلاڑیوں کا میدان چھوڑنے پر نہ صرف بلے باز حیران ہوئے بلکہ کمنٹیٹرز بھی شش و پنج میں مبتلا ہوگئے۔ عام طور پر بیٹسمین بیٹ لائٹ سے متعلق امپائر کو آگاہ کرتے ہیں لیکن زمبابوین ٹیم نے بیٹ لائٹ کا بہانا بنایا جانا میچ سے فرار کی کوشش ہے تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت میزبان زمبابوے کو 5 رنز سے جیت دے دی گئی جس کے بعد تین میچز پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
زمبابوے نے پاکستان کو دوسرے میچ میں جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں اظہر علی اور بلال آصف نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام دکھائی دیا آصف پہلے اوور کی چوتھی بول پر ہی بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوگئے، کپتان اظہر علی اور اسد شفیق ایک، ایک رنز ہی بناسکے جب کہ محمد حفیظ کی مزاحمت بھی 27 رنز پر جواب دے گئی اور سرفراز احمد بھی 9 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
پہلے میچ کے نمایاں بلے باز محمد رضوان بھی اس میچ میں صرف 8 رنز ہی بناسکے تاہم عامر یامین اور شعیب ملک نے ساتویں وکٹ کے لیے 111 رنز کی شراکت قائم کی، عامر 4 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک نے یاسر شاہ کے ساتھ ملکر نویں وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت داری قائم کی، شعیب ملک 96 اور یاسر شاہ 32 رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنزبنائے، چھمو چی بھابھا اور ہیملٹن مسا کاڈذا نے اننگز کا آغاز کیا، مساکڈزا 7 رنز پر ہی وہاب ریاض کا نشانہ بنے تاہم برین چاری نے چی بھابھا کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت داری قائم کی مگر چاری کو 39 رنز پر محمد عرفان نے آوٹ کیا اور سین ولیمس بھی 10 رنز ہی بناسکے۔
جب کہ چھی بھابھا نے ایلٹن چگمبورا کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 59 رنز جوڑے اور کیرئیر بیسٹ 90 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ایلٹن نے سکندر رضا کے ساتھ ملکر پانچویں وکٹ کے لیے 62 رنز جوڑے اور 67 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جب کہ سکندر رضا نے 32 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 4 اور محمد عرفان اور عامر یامین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے گرین شرٹس نے پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو یاسر شاہ کی شاندار بولنگ کی بدولت 131 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔