لاہور (جیوڈیسک) قذافی سٹیڈیم میں پاک زمبابوے کرکٹ سیریز کی سیکورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کرنل شجاع خانزادہ کا کہنا تھا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکورٹی دی جائے گی۔
پاکستان میں گڑ بڑ کرانے کے حوالے سے ”را” کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ اگر کرکٹ ٹیم کے حفاظت کے لئے ضرورت پڑی تو فوج کی مدد بھی لیں گے۔ وزیر کھیل رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کی طرف جا رہی ہے اور اس سیریز کی کامیابی کے بعد دیگر کرکٹ کھیلنے والی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔
دنیا بھر میں پاکستان کے بارے صرف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ اعلیٰ سطح اجلاس میں ایئر پورٹ کے اردگرد تمام آبادیوں کے حوالے سے سپیشل برانچ اور حساس اداروں نے اپنی رپورٹس بھی پیش کیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس اداروں کی رپورٹس کو سامنے رکھ کر تمام سییکورٹی امور کو مزید بہتر کیا جائے گا۔