ہرارے (جیوڈیسک) ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرکے سری لنکا نے زمبابوے کیخلاف سیریز دو، صفر سے جیت لی ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میں جیت کیلئے زمبابوے کو 491 رنز کا ٹارگٹ ملا لیکن اس کا کوئی بھی بلے باز سری لنکن گیند بازوں کا کھل کر سامنا نہ کر سکا۔ زمبابوے کی جانب سے صرف کریگ اروائن اور سین ولیمز نے مزاحمت دکھائی۔ اروائن 72 جبکہ ولیمز 45 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
اس میچ کی خاص بات رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باؤلن تھی جنہوں نے دوسری اننگز میں 8 جبکہ مجموعی طور پر ٹیسٹ میچ میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سری لنکا نے پہلی اننگز میں 504 رنز بنائے تھے۔ اس اننگز کی خاص بات ڈی سلوا اور گونارتنے کی سنچریاں تھیں۔
ڈی سلوا نے 127 جبکہ گونارتنے نے 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔ اس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 272 رنز ہی بنا سکی۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 258 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کر دی۔ یوں زمبابوے کو جیت کیلئے 491 رنز کا ٹارگٹ ملا تھا۔