جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمن وی لاگر اور اداکارہ زویا ناصر کے سابقہ منگیتر کا کہنا ہے کہ انہوں نے زویا کو خود چھوڑا ہے۔
حال ہی میں کرسچین بیٹزمین کی جانب سے اپنے یوٹیوب پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارتی صارف منتشیٰ جبیں نے وی لاگر کو حوصلہ دیتے ہوئے کمنٹ کیا اور لکھا کہ صرف ایک دن میں آپ کی منگیتر اور آپ کے لوگوں نے آپ کو تنہا کردیا ہے جس پر آپ دکھی ہیں ،آپ پر ہزاروں لوگ تنقید کررہے ہیں ہوسکتا ہے لوگ آپ کو سمجھ نہیں پارہے ہوں لیکن فکر نہ کریں وقت بڑا مرہم ہے۔
بھارتی صارف کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے کرسچین بیٹزمین نے لکھا کہ زویا کو میں نے چھوڑا ہے لیکن یہ ایک مختلف کہانی ہے۔
اداکارہ زویا ناصر نے حال ہی میں اسلام قبول کرنے والے جرمن بلاگر و یوٹیوبر کرسچین بیٹزمین سے منگنی توڑنے کا اعلان کیا ہے۔
منگنی کی وجوہات سے متعلق بات کرتے ہوئے زویا ناصر نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ میرے ملک، ثقافت، لوگوں کے حوالے سے کرسچین کے مؤقف میں آنے والی اچانک تبدیلی اور میرے مذہب سے متعلق بے حسی کی وجہ سے انہیں یہ مشکل فیصلہ لینا پڑا۔
متنازع بیانات کے بعد زویا ناصر کی جانب سے منگنی کے خاتمے کے اعلان کے بعد کرسچین بیٹز مین پر خاصی تنقید بھی کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ زویا ناصر اور جرمن یوٹیوبر قریبی دوست تھے اور رواں برس ہی جرمن یوٹیوبر نے اسلام قبول کیا تھا جس کے فوری بعد اداکارہ سے منگنی کی تھی۔