اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) معروف شیف، میزبان اور ماہر امور خانہ داری زبیدہ طارق کو ہم سے بچھڑے 2 برس بیت گئے لیکن ان سے زندگی گزارنے کا طریقہ سیکھنے والے آج بھی انہیں یاد کرتے ہیں۔
زبیدہ آپا کے نام سے مشہور زبیدہ طارق 4 اپریل 1945 کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئیں تھیں اور 1947 میں تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہوگیا تھا۔
زبیدہ طارق کی شہرت کی ایک وجہ اُن کے وہ ٹوٹکے بھی تھے جو وہ اپنے ٹی وی پروگرامز کے دوران ناظرین کو بتایا کرتی تھیں۔
زبیدہ طارق جس خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اس کا حصہ پاکستان کی مایہ ناز مصنفہ فاطمہ ثریا بجیا، منفرد لہجے کی شاعرہ زہرہ نگاہ اور ہر خاص و عام میں مقبول قلم کار، شاعر، مزاح نگار، مصور اور اداکار انور مقصود بھی ہیں۔
زبیدہ طارق 4 جنوری 2018 کو حرکتِ قلب بند ہو جانے کی وجہ سے دنیائے فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔
آج ہم آپ کو زبیدہ آپا کے بتائے ہوئے 5 بہترین ٹوٹکے بتائیں گے۔
چکنی جلد چکنی جلد ایک ایسا مسئلہ ہے جو بہت سے لوگوں کو درپیش ہوتا ہے لیکن زبیدہ آپا نے اس مسئلے کا گھریلو اور آسان ٹوٹکا بتایا تھا۔
’’2 چمچ انڈے کی سفیدی میں ایک سے 2 قطرے لیمو کا رس اور زیتون کا تیل ملا کر چہرے کو صاف کرنے کے بعد اس ماسک کو 5-7 منٹ تک لگائیں، اس ماسک کو آپ مہینے میں ایک بار استعمال کرسکتے ہیں‘‘۔
خشک پاؤں خاص طور پر سردیوں میں پاؤں خشک ہونا ایک عام سی بات ہے لیکن ماہر امور خانہ داری زبیدہ آپا نے اس مسئلے کا حل کچھ یوں بتایا تھا۔
’’ایک پین میں آدھا کپ سرسوں کا تیل اور آدھا چمچ مکھی کا موم گرم کریں جب یہ پگھل جائے تو اسے اچھی طرح ملا کر ایک برتن میں رکھ لیں، رات میں سونے سے قبل اپنے پاؤں کو دھونے کے بعد اس کریم کو لگا کر موزے پہن لیں‘‘۔
سونے کے زیورات کی حفاظت و صفائی سونے کے زیورات اگر روزانہ استعمال کیے جائیں تو یہ پھیکے پڑ جاتے ہیں،گھر پر سونے کے زیورات صاف کرنے کے لیے زبیدہ آپا کا بتایا ہوا یہ ٹوٹکا آزمائیں۔
’’ایک چمچ ہلدی اور ایک چمچ ڈٹرجنٹ کو ایک کپ پانی میں گھول لیں، اس مرکب میں زیورات کو 10-15 منٹ کے لیے بھگو دیں۔ اس کے بعد دانت صاف کرنے کے برش سے انہیں آہستہ سے رگڑیں اور پانی سے دھو لیں‘‘۔
باورچی خانے کے کیبنٹس میں کیڑے مکوڑے اگر آپ کے باورچی خانے کے کیبنٹس کے اندر کیڑے مکوڑے آجائیں تو زبیدہ آپا کے اس موثر ٹوٹکے کو آزمائیں۔
’’نیم کے پتوں کو خشک کر کے باورچی خانے کے کیبنٹس اور ایسی جگہوں پر رکھ دیں جہاں کیڑے مکوڑے آتے ہیں اور ہر 15 دن بعد ان پتوں کو پھینک کر نئے پتے رکھ دیجیے‘‘۔
روکھے بال روکھے بالوں سے تقریباً ہر کوئی پریشان ہوتا ہے لیکن زبیدہ آپا نے اس مسئلے کا حل بھی ہمیں بتایا تھا۔
’’زبیدہ آپا کے مطابق ہفتے میں 2 مرتبہ بالوں میں تیل لگانا ضروری ہے جب کہ ایک انڈے میں ایک چمچ زیتون، ناریل یا سرسوں کے تیل کو شامل کرکے اس میں ایک سے 2 چمچ دہی ملا کر مرکب بنالیں۔ آدھے گھنٹے تک اسے لگا رہنے دیں اور پھر بال شیمپو سے دھو لیں، ایسا مہینے میں ایک بار ضرور کریں‘‘۔