واشنگٹن : فیس بک کے بانی اورپیغام رسانی، ویڈیو اور وائس کالنگ کی مقبول ترین ایپ واٹس ایپ کے مالک مارک زکربرگ خود ایک دوسری ایپ ‘سگنل’ استعمال کرتے ہیں۔
سائبر سیکیورٹی ریسرچر ڈیوڈ واکر کے مطابق 2019 میں ہیکرز نے فیس بک کے جن کروڑوں صارفین کا ڈیٹا ہیک کرکے آن لائن جاری کیا تھا ان میں فیس بک کے بانی اور سی ای او مارک زکر برگ بھی شامل تھے۔
ایک ٹوئٹ میں ڈیوڈ واکر کا کہنا تھا کہ مارک زکر برگ بھی اپنی پرائیویسی کا خیال رکھتے ہیں اس لیے وہ اینڈ تو اینڈ انکرپشن والی ایپ استعمال کرتے ہیں جو کہ فیس بک کی ملکیت نہیں ہے۔
ڈیوڈ واکر نے ٹوئٹ میں مارک زکر برگ کے سگنل ایپ کے اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ بھی پوسٹ کیا ہے۔
دوسری جانب سگنل ایپ کی جانب سے بھی اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر مارک زکر برگ کے سگنل ایپ استمعال کرنے کی خبر ٹوئٹ کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں جب واٹس ایپ نے اپنی پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کی تو ایسے میں اسے سگنل ایپ کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا ہے اور دنیا بھر میں بڑی تعداد میں سگنل کو ڈاؤنلوڈ کیا جارہا ہے۔