ذوالفقار علی بھٹو کی 89 سالگرہ 5 جنوری بروز جمعرات کو منائی جائے گی

Zulfikar Ali Bhutto

Zulfikar Ali Bhutto

فیصل آباد : سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی 89 سالگرہ 5 جنوری بروز جمعرات کو منائی جائے گی اس سلسلہ میں پارٹی کے دیرینہ کارکنوں اور عہدیداران نے ان کی سالگرہ بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے’ فیصل آباد میں مرکزی تقریب چوک گھنٹہ گھر میں انعقاد پذیر ہو گی جس کی میزبانی پی پی 71 کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری انتظار عدیل تاج کریں گے کل منعقد ہونے والی تقریب کے دوران کیک کاٹا جائے گا جس میں شرکت کیلئے میزبان نے تمام دوستوں کو شرکت کی دعوت دی ہے۔

اس سلسلہ میں دعوت نامے نہیں چھپوائے گئے تاہم میزبان نے تمام دوستوں سے استدعا کی ہے کہ اسی خبر کو دعوت نامہ تسلیم کیا جائے ‘ خصوصی گفتگو کے دوران عدیل تاج نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک عہد ساز شخصیت تھے جنہوں نے ایٹم بم بنانے کی بنیاد رکھی’ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستان لاکر وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا آغاز کیا اور خود تو شہید ہو گئے مگر ان کے لگائے گئے تمام پودے آج تن آور درخت بن چکے ہیں جس کے سایہ تلے رہنے والے 20 کروڑ عوام خود کو محفوظ تصور کر رہے ہیں’ انہوں نے کہا کہ اگر ذوالفقار علی بھٹو کا عوامی قتل نہ ہوتا تو آج پاکستان دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہوتا ‘ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی ایک مرتبہ پھر بڑی قوت بن کر سامنے آئے گی’ اور ہم حکومت بنائیں گے۔