گڑھی خدا بخش (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے بانی چیرمین ذوالفقارعلی بھٹو کی 35 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ مرکزی جلسہ گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں ہوگاجس میں سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت اہم رہ نما شرکت کریں گے۔
گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین اور پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی جانب سے الگ الگ جلسے منعقد کئے جائیں گے۔بھٹو مزار کمپلکس کی مرکزی جلسہ گاہ کو قناتیں لگا کر دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔
جس کے ایک حصے میں پیپلزپارٹی شہیدبھٹو کے زیر اہتمام دن 11 بجے سے نماز جمعہ تک جلسہ ہوگا،جس کی صدارت غنویٰ بھٹوکریں گی۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی جانب سے بعد نماز جمعہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدرات جلسہ ہوگا۔
جلسے میں شرکت کے لئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، پیپلزپارٹی کے رہ نما یوسف رضا گیلانی، اعتزازحسن ،وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، شرجیل میمن،وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سمیت اہم شخصیات پہلے ہی پہنچ چکی ہیں۔
مزار کے احاطے کے اندرونی اور بیرونی حصے میں سادہ لباس پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی کے لئے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔