زلمی فاتح، لاہور قلندرز کو مسلسل پانچویں شکست

PSL

PSL

شارجہ (جیوڈیسک) پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی. پشاور زلمی نے مطلوبہ ہدف 13.4 اوورز میں حاصل کر لیا. لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 101 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے برق رفتار اننگز کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو فتح سےہمکنار کیا۔ کامران اکمل 57 اور تمیم اقبال 37 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور پوری ٹیم 17 اعشاریہ 2 اوورز میں 100 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ لاہور قلندر کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ناکام رہی۔ اوپنر فخر زمان کے علاوہ کوئی بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ فخر نے 30 رنز سکور کیے۔ قلندر کے 6 بلے باز ڈبل فگر میں داخل ہوئے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

قلندرز کی پہلی وکٹ 44 رنز پر گری جس کے بعد باقی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ قلندرز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتیں رہیں۔ اور پوری ٹیم17 اعشاریہ 2 اوور میں 100 رنز ہی بنا سکی۔ زلمی جانب سے حسن علی اور ایل اے ڈؤسن نے 3 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کپتان لاہور قلندرز برینڈن میکولم کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے زیادہ رنز بنا کر دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔

پشاور زلمی کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بھی رنز چیز کرچکے ہیں آج بھی کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں، کوشش کریں گے کہ لاہور قلندرز کو کم سے کم رنز پر روکیں۔ واضح رہے پی ایس ایل تھری میں لاہور قلندرز کی یہ مسلسل پانچویں شکست ہے۔