ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) زیلدار ہاوس ٹیکسلا میں زیلدار احسن رضا، زیلدار ظہیر الحسن کی خصوصی دعوت پر رومانیہ کے سفیر ایمیلین آئیون اور سفارتی عملہ کے دیگر افراد پاکستان رومانیہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے سلسلے میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں شریک ہوئے،تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد تھے۔
اس موقع پرپاکستان میں رومانیہ کے سفیر مسٹر ایمیلین آئیون اور عمران مسعود ، چیئر مین پاکستان رومانیہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن ظفر بختاروی ، ڈاکٹر نوشین ، رومانیہ کے سفارتی عملہ کے ارکان ، واہ کینٹ ٹیکسلا کی سیاسی ، سماجی شخصیات موجود تھیں، پاکستان رومانیہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رومانیہ کے سفیر مسٹرایمیلین آئیون کا کہنا تھا کہ رومانیہ کے پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں ، ایک دوسرے کے ساتھ اکنامک ، کلچر ، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون جاری ہے،اس ریجن میں پاکستان کے ساتھ رومانیہ پہلا ملک ہے جس نے بہترین ڈپلومیٹک تعلقات استوار کرنے میں ہمیشہ سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔
امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہونگے،انکا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں مزید وسعت لانے کے لئے رومانیہ اور پاکستان کے درمیان پاکستان رومانیہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن پل کا کردار ادا کرے گی،انھوں نے چئیرمین پاکستان رومانیہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن ظفر بختاروی کی کاوشوں کو سراہا ،انکا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ وہ ٹیکسلا میں آئے قبل ازیں بھی زیلدار فیملی جو کہ اسلام آباد میں ایک ڈپلومیٹک فیملی کے حوالے سے اپنی شناخت رکھتی ہے نے انھیں کئی بار مدعو کیا، انھوں نے تقریب کے بہترین انعقاد پر زیلدار فیملی کے ممبران زیلدار احسن رضا ، زیلدار سید ظہیر الحسن کو خصوصی مبارک باد دی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران مسعود کا کہنا تھا کہ ٹیکسلا دنیا بھر میں قدیم تہذیب کا گہوارہ ہونے کی حیثیت سے منفرد مقام رکھتا ہے۔
یہاں دنیا کی قدیم تعلیمی درس گاہ تھی،گندھارا سیکٹر میں ماسٹر اور ریسرچ پروگرام کی ترویج کے لئے حکومت پاکستان مکمل تعاون کر رہی ہے،پاکستان رومانیہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی کاوشوں سے اس میں مذید بہتری آئے گی،انھوں نے حکومت پاکستان کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی بہترین پالسیوں کا تسلسل ہے کہ ملک معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے،جبکہ کلچر ، تعلیم ، و دیگر شعبوں میں سنجیدگی سے کام ہورہا ہے،تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ٹیکسلا کی تاریخی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔
ڈپلومیٹک تعلقات استوار کرنے میں زیلدار فیملی تاریخی رول ادا کر رہی ہے،انھوں نے رومانیہ کے سفیر مسٹر ایمیلین آئیون کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واحد سفیر میں جو عرصہ دراز سے رومانیہ سفار ت خانہ میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں،میزمان تقریب زیلدار سید احسن رضا نے تمام شرکاء کا تقریب آمد پر شکریہ ادا کیا،تقریب میں شرکاء کے لئے خصوصی ڈنر کے ساتھ ساتھ میوزک شو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس سے شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔