آئندہ انتخابات میں چہروں کے ساتھ نظام کو بھی بدلنے کی ضرورت ہے ، چوہدری عبدالستار آف پیر جنڈ
Posted on January 1, 2013 By Geo Urdu گجرات
ملکہ( عمر فا روق اعوان ) جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی113چوہدی عبدالستار آف پیر جنڈ نے مختف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے لوٹ مار اور کرپشن سے کمائی دولت پاکستان میں لانا ہو گی۔ فلاحی کاموں کی آڑ میں کرپشن کے نئے درکھل رہے ہیں۔ تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذمیں ہے۔ آئندہ انتخابات میں چہروں کے ساتھ نظام کو بھی بدلنے کی ضرورت ہے۔
جھوٹی تسلی اور وعدوں سے عوام کی حالت تبدیل نہیں ہو سکتی۔ عوام موجودہ حکمرانوں اور آزمائے ہوئے کرپٹ سیاستدانوں کو مسترد کر دیں۔ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے محب وطن جماعتوں کو منتخب کر کے اقتدار نیک ، ایماندار اور صالح قیادت کے سپرد کرنا ہو گا۔ موروثی سیاست نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے۔عوام کو ملک و قوم سے اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر خدمت کرنے والی مخلص قیادت کی اشد ضرورت ہے۔ مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کی باریوں سے لوگ تنگ آچکے ہیں۔ہمارے مسائل کا حل شریعت کے نفاذ میں پنہاں ہے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انگریزوں کا قانون رائج ہے۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ داروں،جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔
ایسے تمام نمائندے جو دوہری شہریت کے حامل ہیں ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتے۔ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔پاکستان کے عوام انتخابات چاہتے ہیں مگر کچھ قوتیں انتخابات کو سبوتاژ کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ان لوگوں کے کاروبار،جائیدادیں اور بچے بیرونی ممالک میںہیں۔جب بھی 18کروڑ عوام پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تویہ پنچھی سب سے پہلے پرواز کرجاتے ہیں۔ایسے تمام عوامی نمائندوں کو ہمیشہ کے لئے نااہل قرار دیا جائے۔
مقتدر طبقات نے پاکستان کو ہمیشہ اپنے مفادات کے لئے استعمال کیاہے۔ اسٹیبلشمنٹ کا کردار اب سیاست میں ہمیشہ کے لئے ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں نے دستوری اداروں بالخصوص عدلیہ سے تصادم کا راستہ اختیار کر کے ملک میں ایک بحرانی کیفیت پیدا کردی ہے۔
فرد واحد کی کرپشن اور سوئس بنکوں میں موجود پاکستانی قوم کی لوٹی جانے والی 60کروڑ ڈالر کی رقم کو بچانے اور چھپانے کے لئے حکومت عدلیہ سے متصادم ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے غیر ملکی تابعداری پر مبنی پالیسیوں ، بدترین کرپشن،اور انتہائی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ملکی سلامتی و بقاء اور آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔جس کے نتیجہ میں ملکی معیشت تباہ و برباد ہو چکی ہے۔