امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کی اہلیہ فرح ناز اصفہانی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے آئی ایس آئی کے خوف سے پاکستان چھوڑا ہے وہ ایسا نہ کرتیں تو اغوا کرلی جاتیں۔ ایک برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے فرح ناز اصفہانی نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی جان بچانے کے لئے پاکستان چھوڑ کر واشنگٹن پہنچ گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ان کی جان کو خطرہ تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آئی ایس آئی انہیں اغوا کر کے حسین حقانی کو میموگیٹ اسکینڈل کے اعترافی بیان پر دستخط کرنے پر مجبور کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جس نے بھی انتہا پسندی کے خلاف بات کی اسے خاموش کر دیا گیا اور جو مغرب سے اچھے تعلقات کے موقف پر قائم رہا اسے قتل کر دیا گیا۔ حسین حقانی کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ حکومت خود اپنی حفاظت نہیں کر سکتی ان کی کیا حفاظت کرتی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے خاوند حسین حقانی سے زبردستی بیان دلوا کر صدر زرداری پر دبا ڈالا جا سکتا ہے۔