انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنا سعید اجمل کیلئے خوش قسمت ثابت ہوا۔ آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی آف اسپنر تیسرے نمبر پر آگئے۔ دبئی ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں لیکر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ رینکنگ میں پاکستان کے سعید اجمل نو درجہ بہتری کے بعد بارہ سے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ ٹیم میں سعید اجمل کے حریف گریم سوان دو درجہ تنزلی کے بعد نمبر پانچ پر چلے گئے۔ گزشتہ سال سعید اجمل نے آٹھ ٹیسٹ میچز کھیلتے ہوئے پچاس کھلاڑیوں کو آٹ کیا اور کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے۔ نئے سال کے پہلے ٹیسٹ کا آغاز انھوں نے مین آف دی میچ ایوارڈ سے کیا۔ سعید اجمل ،عبدالقادر کے بعد انگلینڈ کیخلاف میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے اسپنر ہیں۔ سعید اجمل نے اٹھارہ ٹیسٹ میں ترانوے کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ وکٹوں کی سنچری بنانے کیلئے انھیں سات وکٹیں درکار ہیں۔ سعید اجمل کو ون ڈے کرکٹ کے نمبر ون بولر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔