آزاد جموں و کشمیر سندھ کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس محمد نعیم خان کی صدارت میں منعقد ہوا

سندھ : پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر سندھ کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس محمد نعیم خان ایڈووکیٹ جنرل سیکریٹری سندھ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں عہدیداران و کارکنان نے بھر پور شرکت کی اجلاس سے سردار عبدالخالق وصی نے بذریعہ ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 اکتوبرپاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ پوری دنیا میں مسلم لیگ(ن) کے تحت منایا جا رہاہے آج کے دن ، آمر، جابر، ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے دو تہائی اکثریت والی جمہوری حکومت پر شب خون مارا اگر ایسا نہ کیا جاتا تو آج پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوتا ۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بھر پور طریقے سے الیکشن کی تیاری کریں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھاری مینڈیٹ سے کامیاب بنائیں ۔ اس موقع پر محمد نعیم خان ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک پاکستان مسلم لیگ نے بنایا تھا اور مسلم لیگ (ن) ہی اس ملک کو سنوارے گی ، انشااللہ وہ وقت دور نہیں کہ جب نئے دور کا نیا سورج طلوع ہو گا اور پاکستان جناب میاں محمد نواز شریف کی زیر قیادت ایک بار پھر ترقی کی راہوں پر گامزن ہو گا۔

مملکت پاکستان میں ہر ادارہ آئین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے فرائض انجام دے گا اور پاکستان اور آزاد کشمیر میں خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔ اس موقع پر عامر پرویز کیانی ایڈوکیٹ ، راجہ خلیق انقلابی ، سید سلیم شاہ گیلانی، انجنیئر راجہ فراز، راجہ حنیف، یونس چغتائی، مرزا جاوید، آصف عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔