ہالی ووڈ کی اہم ترین تقریب آسکر ایوارڈز کے اس سال کی نامزدگیوں کا اعلان آج کیا جائے گا۔توقع کی جا رہی ہے کہ جارج کلونی اور میرل سٹریپ کو بالترتیب بہترین اداکار اور اداکارہ کے لیے نامزد کیا جائے گا۔بہترین فلم کے لیے خاموش فلم دی آرٹسٹ اور فیملی ڈرامہ دی ڈیسنڈینٹس سرِفہرست ہیں۔آسکر ایوارڈز کی تقریب چھبیس فروری کو ہالی وڈ کے کوڈیک تھیٹر میں منعقد ہو گی۔رواں برس منعقد ہونے والے آسکر ایوارڈز کی تقریب کے میزبان مزاحیہ اداکار بلی کرسٹل ہوں گے۔فرانس کی خاموش فلم دی آرٹسٹ کو اب تک منعقد ہونے والی ایوارڈ تقاریب میں سب سے زیادہ ایوارڈز ملے ہیں۔گزشتہ ہفتے گولڈن گلوب ایوارڈز میں اس فلم کو تین ایوارڈز ملے، جبکہ بافتہ ایوارڈز میں اس فلم کو بارہ ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا جس میں بہترین فلم اور بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ بھی شامل ہے۔اس سال بہترین فلموں میں مارٹن سکورسوزی کی ہوگو، شہری حقوق سے متعلق ڈرامہ دی ہیلپ اور ووڈی ایلن کی مڈ نائٹ ان پیرس شامل ہیں۔