کراچی (جیوڈیسک)دہشت گردی کے واقعات کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ یوم عاشورپر سات شہرانتہائی حساس قرار دے دیئے گئے ہیں۔ بلوچستان اور پشاور میں آج سیتین روزکے لئے تعطیل ہو گی۔ کراچی اور کوئٹہ کے تمام جبکہ لاہور کے نجی تعلیمی ادارے دس محرم تک بند رہیں گے۔ پنجاب میں نویں اور دسویں محرم کو ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی۔
یوم عاشور کے موقع پر سات شہروں کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا جن میں کراچی، کوئٹہ، ہنگو، سکردو اور جھنگ شامل ہیں۔ جبکہ حساس قرار دیئے گئے 30 اضلاع باالخصوص لاہور، راولپنڈی، جہلم اورگوجرانوالہ میں فوج مسلسل تعینات رہیگی۔ آرمی چیف کی ہدایت پر کور کمانڈرز صورتحال کو مانیٹر کریں گے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں 50 ہزار سے زائد پولیس، رینجر اور دیگر سیکیورٹی اہلکار مامور ہوں گے۔ شہر قائد میں مرکزی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ 8، 9 اور 10 محرم الحرام میں پندرہ ہزار سے زائد پولیس اہلکار جبکہ پچیس سو رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔
چھے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے 60 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ نشتر پارک، تبت سینٹر اور ڈینسو ہال کیلئے تین کانٹر اسالٹ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ ماتمی جلوس کے راستے میں تمام دکانیں سیل جبکہ بلند عمارتوں پرتین سو ماہر نشانہ باز بھی تعینات ہوں گے۔ ایم اے جناح روڈ کو شام چھ بجے سے بند کردیا جائے گا۔ شہر میں مانیٹرنگ کیلئے نو سو ساٹھ کیمرے لگائے گئے ہیں۔ کراچی اور حیدرآباد میں فوج کا ایک ایک بریگیڈ اسٹینڈ بائی ہو گا۔ میرپور خاص اور ٹنڈو الہ یار میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہو گی۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور کے نجی تعلیمی اداروں میں آج تعطیل ہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ نو اور دس محرم کو صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ ڈھوک سیداں خود کش حملے کے بعد راولپنڈی پولیس نے سیکیورٹی پلان تبدیل کر کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔
بلوچستان میں آج سے تین روز کے لئے عام تعطیل ہے۔ تمام سرکاری و نجی ادارے، بینک اور تجارتی مراکز بند رہیں گے جبکہ پشاور میں بھی تین دن کے لئے تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے۔ آزاد کشمیر حکومت نے حساس مقامات پر سیکیورٹی بڑھاتے ہوئے دس محرم الحرام تک تمام غیر ریاستی افراد کے داخلے پر پابندی لگا دی۔