آٹھ اکتوبر کے زلزلے، جاں بحق افراد کی یاد میں دعائیہ تقاریب

muzaffarabad

muzaffarabad

مظفرآباد : ہولناک زلزلے کے چھ برس مکمل ہونے پر ضلع مانسہرہ اور آزاد کشمیر میں شہدا کی یاد میں دعائیہ تقاریب جاری ہیں۔ وزیراعظم گیلانی متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے آج مظفرآباد کا دورہ کریں گے۔ ضلع مانسہرہ کے مختلف اسکولوں، مساجد اوردیگر مقامات پرشہدا کی یاد میں دعائیہ تقاریب جاری ہیں۔ گورنمنٹ ہائی اسکول شنکیاری میں بھی صبح آٹھ بج کر باون منٹ پر دعائیہ تقریب ہوئی، تقریب میں طلبا نے شہدا کی روح کو ایصال ثواب اورمغفرت کیلئے خصوصی دعا کی۔ چھ برس قبل آنے والے اس زلزلے سے ضلع مانسہرہ میں سترہ ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
مظفر آباد یونیورسٹی میں بھی شہدا کی یاد گار پر دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں طلبا و اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انجمن تاجران مظفرآباد نے گزشتہ رات چوک شہیداں اپر اڈہ میں چراغاں کیا۔ جس میں شہریوں نے شمعیں جلا کر اپنے پیاروں کی یاد تازہ کی۔ وزیراعظم گیلانی بھی آج مظفر باد کا دورہ کریں گے۔ جہاں وہ تعمیر نو کے سات منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم الشفا انٹرنشنل آئی اسپتال سمیت آزاد کشمیر کے پہلے میڈیکل کالج کا افتتاح بھی کریں گے۔