لاہور : (جیو ڈیسک) مقامی عدالت نے اداکارہ سپنا اغواء کیس میں سپنا خان کے والد اور دو بھائیوں کی دس اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ایوب کھرل نے مثل خان، فیصل خان اور امین خان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر اداکارہ سپنا کے اغوا کا مقدمہ سردار دوست محمد کھوسہ اور مثل خان وغیرہ پر درج کیا گیا۔
انھوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ مثل خان وغیرہ سپنا بازیابی کیس میں شامل تفیتش ہونا چاہتے ہیں لہذا ان کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے پچاس پچاس ہزار کے مچلکوں کے عوض ملزمان کی عبوری ضمانتیں منظور کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ تینوں ملزمان کو شامل تفتیش کیا جائے۔