اذیت ناک لوڈ شیڈنگ نے طلبہ کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کیا ہے ، حکمرانوں نے قوم کو اپاہج بنا دیا ہے : ناظم لاہور
Posted on January 5, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور (05-01-13) اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم مدثر احمد شاہ نے کہا ہے کہ اس ملک کے حکمرانوں نے عوام کو نئے سال کا تحفہ بجلی اور گیس کی شدید لوڈ شیڈنگ کی صورت میں دیا ہے۔ اس سخت سردی میں اذیت ناک لوڈ شیڈنگ نے ملک کا ستیاناس کر دیا ہے عوام کو گیس میسر ہے نہ بجلی اور افسوسناک بات یہ ہے کہ حکمرانوں کو نہ اس کی پرواہ ہے اور نہ ہی عوامی مسائل کا خیال ، ان کی بے حسی نے عوامی غصے میں مزید اضافہ کیا ہے اس قسم کے بے حس حکمران شاید ہی کسی ملک کے ہوں۔
سول لائینز کالج میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس لوڈشیڈنگ نے جہاں پورے ملک کو متاثر کیا ہے وہی طلبہ بھی اس کے اثر میں آئے ہیں اور ان کی پڑھائی بڑی طرح متاثر ہوئی ہے لہذا اگر نتائج خراب آرہے ہیں توحکمران زیادہ قصوروار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میٹرک کے امتحان چند ماہ میں ہونے والے ہیں لہذا حکمران لوڈشیڈنگ کو ختم کریں تاکہ امتحانات کی تیاری صحیح طرح سے کی جا سکے۔موجودہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا کر قوم کو اپاہج اور مفلوج کر دیا ہے ، ملکی وسائل پر انحصار نہ کرنا اور چند سکوں کی خاطر اغیار کے سامنے جھولی پھیلانا ان موجودہ حکمرانوں کا وطیرہ بن چکاہے لہذا ضروری ہے کہ اس حکمرانی عفریت سے جلد از جلد چھٹکارہ پایا جا سکے۔