پاکستان اور افغانستان نے سابق افغان صدر برہان الدین ربانی کے قتل کی تفتیش میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے، افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات نہیں ہونگے۔ ترکی کے شہر استنبول میں افغانستان سے متعلق سیکورٹی کانفرنس کے موقعے پر افغان صدرکا کہنا تھا افغان حکومت طالبان تک پہنچنے کیلئے راستہ اور ذرائع تلاش کرہی ہے۔ اس لئے کہ ان کو ملکی صورتحال کا ذمہ دار ٹھرایا جائے نہ کہ امن مذاکرات کئے جائیں۔ کرزئی نے کہاکہ خودکش حملہ آوروں سے مذاکرات اس وقت تک نہیں ہو سکتے جب تک ان کا پتہ معلوم نہ ہو۔ اس سے پہلے سربراہی کانفرنس کے خاتمے پر ترک صدر عبداللہ گل نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان میں سابق افغان صدر برہان الدین ربانی کے قتل کی تحقیقات میں تعاون پر اتفاق ہواہے۔ ترک صدر نے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔