پاکستان:(جیو ڈیسک)گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور نے کہا ہے کہ اسلامی بینکاری پاکستان میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے ۔ بینکنگ سیکٹر میں آئندہ پانچ برس کے دوران اس کا شیئردوگنا ہو جائے گا۔
رفاہ یونیورسٹی کے زیراہتمام اسلامی بینکاری پرعالمی کانفرنس سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک کاکہناتھاکہ اسلامی بینکاری میں گزشتہ چھ برس سے تیس فیصد سالانہ اضافہ ہواہے اوریہ ملک کی بینکنگ انڈسٹری کا آٹھ فیصد حصہ بن چکی ہے۔
یاسین انور نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک اسلامی بینکاری کے فروغ اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے پرعزم ہے۔اس موقع پر سینیٹر پروفیسر خورشید اور ملائیشیا کے سابق نائب وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ اقتصادی نظام کا ہماری اقدار سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔