اسمبلیوں میں سیاستدان عوامی مسائل کے حل کے لیے کبھی اکٹھے نہیں ہوئے: نثاراحمد
Posted on March 21, 2012 By Geo Urdu گجرات
کنجاہ: کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری نثار احمد ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز دارہ بہار شاہ کنجاہ میں کسان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلیوں میں سیاستدانوں مراعات کے لیے اکٹھے ہوجاتے ہیں عوامی مسائل کے حل کے لیے کبھی اکٹھے نہیں ہوئے۔ کسان طبقہ پس رہا ہے جن کا کوئی پرسان حال نہیں انہیں اپنے حقوق کے حصول کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ تمام مسائل کا حل تنظیم سازی میں ہے ملک میں کوئی شعبہ ایسا نہیں جس نے اپنی یونین نہ بنارکھی ہو۔ اتحاد اور اتفاق کی بدولت ہر تنظیم اپنے مطالبات منوانے میں کامیاب ہورہی ہے ۔ کسانوں کو بھی بیدار ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف تین دن کے احتجاج پر تین ماہ لوڈ شیڈنگ ختم ہوگئی ، سرگودہا میں ایک استاد کیخلاف زیادتی کی صورت میں ایک کلاس نے متحد ہوکر احتجاج کیا تو وہان کے طاقتور سیاسی خاندان کے ایک ایم پی اے کو پولیس ہتھ کڑیاں لگانے پر مجبور ہوگئی ۔ بھٹہ مزدوروں نے یونین بنا کر احتجاج تو کیا بھٹہ مالکان سے 20سال پرانے کھاتے معاف کروالیے ۔ دہلی میں کسانوں نے تین دن احتجاج کیا تو ہندوستانی حکومت ان کے مطالبات ماننے پر مجبور ہوگئی اب وہاں ٹیوب ویل کا بل نہیں آتا ٹیوب ویلوں پر بجلی فری دی جارہی ہے ۔ کھادوں کے ریٹ ہم سے 4گنا کم ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ چناب ہمارے زرعی نظام میں ریڑھ کی ہڈی ہے جس کا پانی بھارت کی جانب سے بند کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے مگر ہم ایٹمی پاور ہونے کے باوجود مجبوروبے بس کی طرح خاموش ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ دیہاتوں کا بچہ بچہ دفاع وطن کی خاطر کٹ مرنے کے لیے تیار ہوگا۔ ہم کسانوں کے مطالبات منوانے کے لیے ناصر باغ لاہور سے پنجاب اسمبلی تک مارچ کریں گے ۔ یکم اپریل کو کنگ روڈ منڈی بہاوالدین کو بند کردیں گے تاکہ وہاں کے کسانوں کے جائز مطالبات تسلیم کروائے جاسکیں ۔ کسان رہنما چوہدری سجاد احمد راجیکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوڈ شیڈنگ کے ذریعے مارا جارہا ہے جبکہ بلوچستان کو ملٹری ایکشن کے ذریعے مار رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی کو خطرہ ہے 71میں ملک کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کردیا گیا اور اب ایک بار پھر ملک کے ٹکڑے کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کسان بورڈ کو فعال بناکر اپنے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ کسان بورڈ ضلع گجرات کے صدر چوہدری خورشید احمد منہاس نے قراردادیں پیش کیے جن کو شرکائے کانفرنس نے منظور کیا ۔ جو قراردیں منظور کی گئیں ان میں کالم ڈیم بنانے، کسانوں کو بجلی کا بل معاف کرنے ، کھادوں پر ٹیکس ختم کرنے ، بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے اور ملکی دفاع کے لیے کسان اپنی جان لڑا دے گا شامل تھیں ۔ کانفرنس سے زراعت آفیسر مرکز کنجاہ اسد یوسف، کنجاہ پریس کلب کے صدر یاورعباس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں کسان رہنمائوں نے بھر پور شرکت کی ۔ شرکت کرنے والوں میں سینئر نائب صدر کسان بورڈ پاکستان چوہدری نثار احمد ایڈووکیٹ، ضلعی صدر چوہدری خورشید احمد منہاس، کسان بورڈ کنجاہ کے صدر چوہدری لیاقت علی نمبر دار، جنرل سیکرٹری نواب اقبال کپور صراف، چوہدری انجمن خورشید منہاس، سابق کونسلر چوہدری عبدالحمید آرائیں ، پروفیسر محمد صدیق ، چوہدری نواب خاں چکوڑی ، ڈاکٹر شکور احمد آرائیں ، حاجی نورمحمد آرائیں ، صحافیوں میں شہباز سرور بٹ اور ظفر ادیب بھی موجود تھے ۔