اصغر خان کیس میں جرنیلوں اور سیاستدانوں کو سزا ہونی چاہئے، چوہدری خورشید زمان
Posted on October 24, 2012 By Geo Urdu اسلام آباد
اسلام آباد(این ایل آئی)تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان کہا ہے کہ مالی مفادات کیلئے جمہوریت کے قتل کے اسباب پیدا کرنے والے سیاستدانوں کو تاحیات نا اہل قرار دینے کے ساتھ ان تمام سیاسی جماعتوں کو کالعدم بھی قرار دیا جائے جن کے راہنماؤں پر ایجنسیوں سے پیسے لینے کے الزامات ثابت ہوچکے ہیں اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عوام سے جمہوریت کے وعدے کرنے اور ہوس زر میں جمہوریت کے خلاف سازش کرنے والے سیاستدان اور سیاسی جماعتیں ملک و قوم سے غداری کی مرتکب ہوئی ہیں اور غداروں کو نہ تو عوامی نمائندگی کا حق حاصل ہے اور نہ ہی انہیں دوبارہ اقتدار میں آنے کا موقع فراہم کرکے ملک کو بربادی کی جانب دھکیلا جاسکتا ہے۔
انہوںنے اصغر خان کیس میں عدالتی فیصلے کو تاریخی فیصلہ مگر ادھورا انصاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شواہد کی روشنی میں اپنے فیصلے میں عدالت کو پیسے وصول کرنے والے تمام سیاستدانوں کو نا اہل قرار دینے کے ساتھ پیسے بانٹنے والے جرنیلوں کے کورٹ مارشل اور جمہوریت کے خلاف سازشوں کے مرکزی کردار صدر غلام اسحق خان کی تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی ضبطی کے ساتھ ان کی قبر کو کوڑے لگانے لگانے کے احکامات دینے چاہئے تھے مگر بوجوہ ایسا نہ کیا گیا جس سے غیر جانبدار عدلیہ کی جانبداری پر عوامی حلقوں میں انگلیاں اٹھنے لگی ہیں۔