اضلاع کی خبریں 6.02.2013

تاجدار کونین سے دلی محبت و عقیدت پر دین کی عمارت کھڑی ہے : مولانا محمد اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ (جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ تاجدار کونین سے دلی محبت و عقیدت پر دین کی عمارت کھڑی ہے۔ حضور نبی کریمۖ سے قولی نہیں عملی محبت ہونی چاہیے۔ ناموس رسالت کا قانون ختم کرانے کیلئے بین الاقوامی سازشیں عروج پر ہیں۔ عاشقانِ رسول ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔ کٹ مریں گے توہین رسالت برداشت نہیں کرینگے۔ گستاخانہ فلم اور خاکوں کے خلاف عالم اسلام مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے ناموس رسالت کے حوالے سے عالمی قانون کی تدوین و تشکیل میں اپنا غیر معمولی کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام جامع مسجد فاروقیہ میں منعقدہ تحفظ ناموس رسالتۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، قاری غلام سرور حیدری، قاری محمد اعظم چشتی، پیر عمار سعید سلیمانی، حافظ محمد رفیق قادری، علامہ نواز بشیر جلالی، مفتی محمد سعید رضوی، عبدالمجید کیلانی، حافظ آصف علی اویسی، قاری محمد اشرف شاکر، ملک نصیر نقشبندی، مولانا محمد عارف چشتی، صوفی غلام دستگیر خان ودیگر نے خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کل جامع مسجد گلزار مدینہ میں محفل میلاد ہو گی
گوجرانوالہ (جی پی آئی)مرکزی جامع مسجد گلزارِ مدینہ المعروف چشتی صاحب والی نوشہرہ روڈ میں کل 8فروری بروز جمعة المبارک بعد نماز عشاء محفل میلادِ مصطفی منعقد ہوگی جس میں مولانا پیر ابوطاہر عبدالعزیز چشتی، صاحبزادہ محمد دائود رضوی، محمد طاہر مسعود چشتی، محمد عابد مسعود چشتی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مفتی محمد حسین صدیقی، محمد ارشاد اعظم چشتی لاہور، قاری غلام سرور حیدری، محمد اقبال نوشاہی، شہزاد چشتی، قاری الیاس، قاری یاسین نعیمی، عبدالرحمن کوکب، فیاض الحسن صدیقی، حافظ غلام عباس چٹھہ، عبدالغفار چشتی خطاب کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
65سا ل سے کشمیری مسلمان غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ، عالمی دنیا کے لئے لمحہ فکریہ :عمران خالد
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے راہنما صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عمران خالد بٹ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی روایتی نہیں حقیقی ہونی چاہیے عرصہ 65سالوں سے کشمیری مسلمان غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ظلم وستم اور تشدد برداشت کرنے کے باوجود وہ پاکستان کے پرچم کو بلند کیے ہوئے ہیں اپنے خون اورجانوں کا نذرانہ دیکر بھی ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں اتحادی حکمرانوں کی بے حسی غفلت اور لاپرواہی پر افسوس اور ماتم ہی کیاجاسکتا ہے۔وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے فرائض میں یہ بات شامل تھی کہ وہ کشمیریوں کو آزادی دلوانے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائینگے سفارتی سیاسی محاذوں پر اپنا کردار ادا کرنا تھا بجائے ا سکے دہشتگردبھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا اس کیساتھ خسارے والی تجارت کو قبول کرنا سیز فائر لائن کو مستقل کنٹرول لائن کا درجہ دلوانا آزادی کیلئے جدوجہد کرنیوالے کشمیری مسلمانوں کو دہشتگرد قرار دینا ایسے سوالات اور خدشات کشمیریوں کے ذہن میں گھر کر چکے ہیں جن کا جواب وہ پانچ سال مکمل کرنے والی وفاقی حکومت کے اتحادی حکمرانوں سے مانگ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ن لیگی قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں مظلوم کشمیریوں کو ہندوستان کے ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کشمیر کی آزادی کیلئے نمایاں کردار ادا کریگی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
طو فان بادو باراں کے دوران177بریک ڈائونز اور615شکایات کو مختصر ترین وقت میں درست کیا گیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی)گزشتہ روز طوفانِ بادوباراں کے دوران گیپکو کے 114ریپڈ ریسپانس سنٹروں اور موبائل یونٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریجن بھر سے موصول ہونے والی615شکایات اور177بریک ڈائونز کو مختصر ترین ریسپانس ٹائم میں درست کر کے صارفین کو اطمینان بخش سروس فراہم کی۔ اس دوران موصول ہونے والی سٹی سرکل کی88شکایات،کینٹ سرکل کی 110،سیالکوٹ سرکل کی170اور گجرات سرکل کی247شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ انتہائی کوششوں کے باوجود طوفانِ بادو باراں کے باعث بجلی کے نظام میں خلل کی وجہ سے معزز صارفین کو پہچنے والی تکلیف کیلئے گیپکو معذرت خواہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلم لیگ ن کے دھرنے کو ناکام کہنے والے گجراتی خود دھرنا بھی نہیں دے سکتے:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ طاہر القادری کے دھرنے کو کامیاب اور مسلم لیگ ن کے دھرنے کو ناکام کہنے والے گجراتی خود دھرنا بھی نہیں دے سکتے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گجراتیوں نے ہمیشہ جمہوریت کے خلاف سازش کی ہے یہ محسن کش ہیں پہلے یہ پرویز مشرف اور اب آصف علی زرداری سے مل کر جمہوری نظام کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، خود تو وہ ڈیل کر کے اقتدار میں آ گئے ہیں اب دوبارہ ان کے اقتدار میں آنے کا راستہ بند ہو گیا ہے اس لئے وہ جمہوری نظام کے خاتمہ کی کوشش کر رہے ہیں، گجراتی جمہوریت نہیں آمریت پسند ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نواز شریف پریشان نہ ہوں عام انتخابات وقت پر ہوں گے:عابد صدیقی
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ نواز شریف پریشان نہ ہوں عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے یہ انتخابی عمل پر یقین رکھتی ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا ہے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے عام انتخابات ملتوی ہونے کے موقف پر پوری قوم حیرت زدہ ہے عوام جانتے ہیں کہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے مگر نہ جانے نواز شریف صورت حال کیوںپچیدہ بنا رہے ہیں ان کے اس موقف کی کسی جماعت نہ تائید نہیں کی، تمام جماعتوں نے نواز شریف کی رائے مسترد کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے قائد اعظم کافرمان سو فیصد حقائق پر مبنی:چوہدری منظور گجر
لاہور( جی پی آئی)کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے قائد اعظم کافرمان سو فیصد حقائق پر مبنی اور ان کی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے پاکستانی دریائوںمیں پانی کشمیر سے آتا ہے جس سے ہمارے کھیت سیراب ہوتے ہیں ہمارے حکمرانوں کی نا اہلی سے عیار بنیا مقبوضہ کشمیر میں 92 سے زائد ڈیمز بنا کر اور ہمارے دریائوں کا پانی چرا کر اپنے ریگستان آباد اور ہمارے سونا اگلتے زرخیز کھیتوں کوبنجر بنانا چاہتا ہے ان خیالات کا اظہار کسان بورڈ اسطی پنجاب کے صدر اور امیدواراین اے 130 چوہدری منظور گجر ،پی پی 157 میاں عامر خلیل اورپی پی 158 چوہدری عمر حیات باجوہ نے یوم کشمیر کے موقع پر کار کنوں اور کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا امن کی آشا والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیںانڈیا پاکستان کا ازلی دشمن ہے اس سے دوستی کرنا اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے چوہدری منظور گجر نے کہاپاکستان کی معشیت میں ریڑھ کی حثیت رکھنے والا کسان بیدار اور با شعور ہے ہم پاکستا نیوں کو دانے دانے کا محتاج بنا نے کی یہود و ہنود کی ہر سازش اور ان کے مذموم عزائم کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونگے اورکشمیر کی آزادی کے لیئے جان کی بازی بھی لگانے سے دریغ نہیں کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم پاکستان کے بیان پر حیرت ہے کہ وہ معلومات نہیں رکھتے :سید منور حسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کے اس بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ”بھارت کے پاس ایسا کوئی ڈیم نہیں جو پاکستان کا پانی روک سکے ،گھبرانے کی بات نہیں بھارت پاکستان کے پانی کے حق کو سلب نہیں کرسکتا ”سید منور حسن نے بدھ کے روز منصورہ سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف صاحب پتہ نہیں کس دنیا میں رہتے ہیں ؟بھارت کئی سال سے پاکستان کے حصے میں آنے والے دریائوں پر ڈیم بنانے میں مصروف ہے ،اب تک وہ 62ڈیم مکمل بھی کرچکاہے اور مزید ڈیموں کی تعمیر کیلئے منصوبے بنارہا ہے ،اس کے علاوہ وہ سرنگیں کھود کر دریائے سندھ کا پانی چوری کر رہا ہے ۔لیکن ہمارے حکمرانوں کی حالت یہ ہے کہ” جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سار اجانے ہے ”بھارت کی ہٹ دھرمی اور پاکستانی پانی روکنے کی وجہ سے ہمارے دریا خشک اورزمین صحرا بنتی جارہی ہے ،لیکن ہمارے حکمرانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں وہ بھارت کی آبی دہشت گردی پر احتجاج کے بجائے قوم کو لوریاں دے کر سلانے کی کوشش کررہے ہیں ،اور قوم کو جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں کہ وہ فکر نہ کرے بھارت ہمارے پانی کے حق کو سلب نہیں کرسکتا ،اس کے پاس پانی جمع کرنے کی صلاحیت ہی نہیں ہے!سید منور حسن نے کہا کہ وزیر اعظم کے اس بیان سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ انہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے تنازعے کا سرے سے علم ہی نہیں یا پھر متعلقہ وزارتوں میں ایسے لوگ موجود ہیں جو انہیں غلط بریف کررہے ہیں،یاپھر وہ بھارت کے تنخواہ دار اور اس کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ایجنٹ کے طور پر کام کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ایسے ہی لوگوں نے آج تک ملک میں کوئی بڑا ڈیم نہیں بننے دیا اور قوم کو باہمی تنازعات میں الجھائے رکھا تاکہ پاکستان پانی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے میںکامیاب نہ ہوسکے جس کی وجہ سے ملک کو توانائی کے بدترین بحران اورغذائی قلت کا سامنا ہے اور لوگ غربت اور بے روزگاری کے ہاتھوں پریشان ہیں۔سید منور حسن نے کہا کہ ملک کے اعلیٰ ترین انتظامی منصب پر فائز ذمہ دار کی طرف سے اس طرح کے احمقانہ بیان کو خود فریبی کے سوا کیا نام دیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بھارت کے ساتھ دوستی ،تجارت اور اسے پسندیدہ ترین قوم کا درجہ دینے کی اتنی جلدی اور بے تابی ہے کہ وہ قومی مفادات کو قربان کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا یہ کہنا کہ ”کشمیری بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے علاوہ کوئی اور فیصلہ کرنے میں بھی آزاد ہیں ”کشمیریوں کو مایوس اور درپردہ بھارتی خواہشات کی تکمیل کرنے کی کوشش ہے ۔کشمیری 65سال سے پاکستان کی تکمیل کی جنگ لڑ رہے ہیں اور خود کو بھار ت کے بجائے پاکستان کا اٹوٹ انگ قرار دے رہے ہیں ، 5فروری کو پاکستان اور کشمیردونوں طرف ہونے والے مظاہروں میں لاکھوں عوام ”کشمیر بنے گا پاکستان ”کے نعرے لگاتے رہے اور پورا ملک ”کشمیر بنے گا پاکستان ”کے نعروں سے گونجتا رہا لیکن وزیر اعظم صاحب خود مختار کشمیر کے بیانات دیکر ”کشمیر کا بوجھ ”اپنے کندھوں سے اتارپھینکنا چاہتے ہیں ۔سید منور حسن نے کہا کہ پاکستان کا دیرینہ اور حق پر مبنی موقف رہا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیا جائے ،بھارت نے پوری دنیا کے سامنے ان قراردادوں پر عمل درآمد کابار بار وعدہ بھی کیا ،اب بھارت سے اس عہد پر عمل درآمد کروانا بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کا ینگ ڈاکٹرز کے ہڑتالی کیمپ کا دورہ
لاہور(جی پی آئی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کی حمایت اور ان سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ حکومت پنجاب اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان سول سٹرکچر اور دیگر مطالبا ت کی منظوری کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہونے کا از خود نوٹس لیں ۔ حکومت پنجاب ضد کا رویہ چھوڑے ، حکمران اور بیوروکریسی کو بھی سرکاری ہسپتالوں میں اپنا علاج معالجہ کرواناچاہیے ، سرکاری ہسپتالوں میں فری اور معیاری ادویات کاحصول عوام کا بنیادی حق ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروس ہسپتال لاہور کے باہر ینگ ڈاکٹرز کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورہ کے موقع پر ڈاکٹروں سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ بھی موجود تھے ۔ ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوں نے لیاقت بلوچ اور فرید احمد پراچہ کو ہڑتالی کیمپ کے اصل حقائق سے آگاہ کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی ہدایت پر حکومت پنجاب اور ینگ ڈاکٹر کے درمیان سول سٹرکچر ان کے کیرئر کو محفوظ بنانے کے معاملات طے پا گئے تھے لیکن ابھی تک ان مطالبات کا منظور نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ۔ آخر وہ کون سی قوت ہے جو فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہونے دے رہی ۔ انہو ں نے کہاکہ حکومت ایک طرف اعلان کرتی ہے کہ ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج معالجہ اور انہیں ادویات کی فراہمی مفت ہے لیکن ینگ ڈاکٹرز نے جب ان دوائوں کے غیر معیاری ہونے اور ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی مفت سہولیات ختم کرنے کی عوام اور میڈیا کو اطلاع دی تو اس کی آڑ میں حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں کے خلاف انتقامی کاروائیاں انہیں ملازمتوں سے برطرف و معطل اور ان کے دور دراز علاقوں میں تبادلے کر دیئے گئے جو کہ صریحاً فسطائیت پر مبنی اقدام ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ بیوروکریسی ، سول سیکرٹریٹ ، وزارت خزانہ ، ایس اینڈجی اے ڈی اور سول سٹرکچر کے اداروں کی طرف سے ینگ ڈاکٹرز کا معاملہ الجھا دیا گیاہے تو یہ قوم ڈاکٹرز او ر مریضوں کیساتھ زیادہ ہے ۔ یوں محسوس ہوتاہے کہ صحت و تعلیم کی بہتری حکومت کی ترجیح میں شامل نہیں ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ جماعت اسلامی ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات قومی سطح پر اٹھائے گی ۔ ڈاکٹرز صحیح کہہ رہے ہیںکہ مریضوں کو اعلیٰ کوالٹی کی ادویات ملنی چاہئیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت پنجاب ضد اور انا کا رویہ چھوڑ دے خدانخواستہ حکومت کی تاخیر سے ینگ ڈاکٹرز کے حوالے سے کوئی المیہ واقع ہو گیا تو حالات اس کے قابو سے باہر ہو جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محکمہ صحت میں کرپشن کے ہو شربا انکشافات پر جوڈیشئل انکوائری ناگزیر ہے ، چوہدری ظہیر الدین
لاہور(جی پی آئی) ق لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی پنجاب چوہدری ظہیر الدین خاں نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی جعلی ادویات کی سپلائی اور ڈاکٹروں کے احتجاج پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروائی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ خادم حکومت نے ماں اور مسیحا کا روپ ڈاکٹروں کے ساتھ مسلسل 5 سال سوتیلی ماں والا سلوک کیا پروفیسروں ، ڈاکٹروں ، اساتذہ کلرکوں ، کسانوں کو سڑکوں پر رولنے والے حکمران بہت جلد خود بھی سڑک پر ہونگے اور پھر کوئی ان کے آنسو بھی پونچھنے والا نہیں ہو گا ،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ایک سازش کے تحت ڈاکٹروں کو بدنام کررہی ہے اس کا مقصد ہسپتالوں کی نجکاری ہے کیونکہ خادم حکومت تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی کو ریاست کی ذمہ داری نہیں سمجھتی ، اسی لیے صحت اور تعلیم کے وزیر مقرر نہیں کئے گئے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروسز ہسپتال کے باہر قائم ڈاکٹرز کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا چوہدری ظہیرالدین خاں نے ڈاکٹروں کے ہمراہ زمین پر بیٹھ کر میڈیا سے گفتگو بھی کی اور چوہدری پرویز الہٰی کی طرف سے اظہار یکجہتی اور خیر سگالی کا پیغام پہنچایا ، ڈاکٹرز نے چوہدری پرویز الہٰی کے دور کو صحت عامہ کی پالیسیوں کے حوالے سے تاریخ ساز قرار دیا ، ہڑتالی ڈاکٹرز نے ق لیگ کے پارلیمانی لیڈر کو جعلی ادویات دکھائیں جو ہسپتالوں میں سپلائی ہو رہی ہیں اور یہ بھی بتایا کہ بغیر کسی کمپنی کے نام والی دوائیاں بھی ٹائوٹ ایم ایس کے ذریعے خریدی جا رہی ہیں ، چوہدری ظہیر الدین خاں نے کہا کہ یہ تو ہوشربا انکشافات ہیں ، ان سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا ، اس سنگین معاملہ کی جوڈیشنل انکوائری ناگزیر ہے ، انہوں نے کہا کہ پی آئی سی جعلی ادویات سے ہونے والی ہلاکتوں کی جوڈیشئل انکوائری رپورٹ میں پنجاب حکومت کا گھنائوناکردار سامنے آچکا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مہنگے سولر سسٹم کی خریداری سے خزانے کو 60 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا:ثمینہ خاور حیات
لاہور( جی پی آئی) مرکزی سیکرٹری اطلاعات شعبہ خواتین مسلم لیگ ق و رکن پنجاب اسمبلی ثمینہ خاور حیات نے کہا کہ پنجاب میں مہنگے سولر سسٹم کی خریداری سے خزانے کو 60 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ حکومت پنجاب کا یہ ایک اور کارنامہ ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کرپشن کی داستان بن چکی ہے اس حکومت کا کوئی منصوبہ ایسا نہیں جس میں کرپشن نہ ہوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کے خاتمہ کے بعد نہ جانے کرپشن کے کتنے کیسز سامنے آئیں گے، یہ جماعت پنجاب کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈرون حملے کروانے والے حکمرانوں کو قوم آئندہ مسترد کردے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی آزادی،خودمختاری اوربقاء کے لئے سوالیہ نشان ہیں۔قوم ڈرون حملوں کی غیر اعلانیہ اجازت دینے والے حکمرانوں کو آئندہ انتخابات میں مسترد کردے۔حکمرانوں نے چند ڈالروں کے عوض پاکستان کو امریکی کالونی بنادیا ہے۔امریکہ اور اس کے اتحادی مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے متحد ہوچکے ہیں۔اگرپاکستانی حکمرانوں نے اپنی غلامانہ روش نہ بدلی تو آنے والی نسلیں بھی ان کو معاف نہیں کریں گی۔جتنانقصان امریکی نام نہادمفاداتی جنگ میں پاکستان اور اس کے عوام کا ہوا ہے اتنا کسی اور ملک کا نہیں ہوا۔بھارت میںانتہا پسندوںاور دہشت گردوں کے کیمپوں کی موجود گی کے سرکاری اعتراف کے باجود امریکہ اور عالمی برادری کی خاموشی انتہائی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ عوام ملک عزت اور وقار کا جنازہ نکالنے والوں کو ہمیشہ کے لئے مسترد کردیں۔اگر18کروڑ عوام نے تمام تروابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنے نمائندے منتخب نہ کیے تو یہی کرپٹ اور امریکی غلام ٹولہ پھر سے اقتدار پر قابض ہوجائے گا۔عوام نے جھولیاں بھر بھر کر جن لوگو ںکو ووٹ دیے آج انہی کو جھولیاں اٹھا کر بدعائیں دے رہے ہیں۔بے روز گاری کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔معیشت کا پہیہ آگے کے بجائے پیچھے کی طرف چل رہا ہے۔سرمایہ ملک میں آنے کی بجائے باہر جارہا ہے جبکہ حکمران آخری موقع سمجھ کر قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔سپریم کورٹ لوٹ ہوئی دولت کو واپس لانا چاہتی ہے تو اس کی راہ میں رکاوٹ ڈالی جاتی ہے۔جوجتنا بڑا چور ڈاکو اور لٹیرا ہے اسے اتنا ہی بڑا عہدہ دیاجاتا ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔روٹی،کپڑا اور مکان کا خوشنما نعرہ لگانے والے عوام کا سامنے کرنے سے کتراتے ہیں۔ملک میں کوئی ادارہ ایسا نہیں ہے جو منافع بخش ہو۔میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اہم پوسٹوں پر جیالوں اور متوالوں کو تعینات کیا جارہا ہے۔الیکشن کمیشن ووٹ کے بدلے نوکری دینے والوں کے خلاف کاروائی کرے۔گزشتہ پانچ برسوں میں پاکستانی قوم پر غیر ملکی قرضوں کے بوجھ میں11,900روپے فی کس اضافہ ہوا ہے۔مارچ2008میں غیر ملکی قرضوں کی مجموعہ مالیت45.792ارب ڈالرز تھی جو ستمبر2012تک بڑھ کر66.243ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پرویز مشرف جلد کمیشن اور عدالتوں کا سامنا کرینگے۔آسیہ اسحاق
لاہور (جی پی آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق نے کہا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف لال مسجد سمیت اپنے خلاف لگائے جانے والے تمام الزامات کا دفاع کرینگے اور جلد آکر کمیشن اور عدالتوں کا سامنا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف جو لوگ آج الزامات لگار ہے ہیں،ان کی موجودگی میں الزامات کیوں نہیں لگائے۔لال مسجد آپریشن سیاسی جماعتوں اور سول حکومت کی مرضی سے ہوا ۔آزاد عدلیہ اور کمیشن میں تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آجائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لال مسجد آپریشن کے دوران کئی دنوں تک انتظامیہ کی جانب سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جاتا رہا،اور طاقت رکھتے ہوئے بھی مذاکرات کی راہ اختیار کی گئی۔ اس دوران درجنوں مذاکرات کے دور ہوئے جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں،وفاق المدارس کے نمائندوں اور جید علماء نے شرکت کی،جس کے بعد لال مسجد انتظامیہ کو مسئلے کے ُپر امن حل کیلئے کئی تجاویز اور فارمولے دیں گئے،تاہم انہوں نے اس سے ماننے سے انکار کر دیا ۔جو لوگ آج پرویز مشرف پر لال مسجدکے آپریشن کا الزام لگارہے ہیں،وہ خود اس آپریشن میں ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ بچیاں آج بھی حیات ہے جنہیں لال مسجد آپریشن کے دوران بحفاظت نکالا جانے دیا گیا،اگر لال مسجد میں پرُ امن لوگ تھے،تو پاک فوج کی کمانڈوز پر گولیاں کس نے چلائی، لال مسجد آپریشن میں شہید ہونے والے کرنل اور کمانڈو ز کا خون کس کے سر جائے گا۔کیا پاک فوج پر فائرنگ کر نے والوں کو پر امن شہری قرار دیا جاسکتا ہیں۔انہوں نے مذید کہا کہ لال مسجد کے آپریشن سے متعلق تما م حقائق کا پروہ پرویز مشرف وطن واپس آکر اُٹھائیں گے۔اور یہ بتائیں گے،کہ آپریشن میں کس کس کا کیاکردار رہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پرویز مشرف کے دور میں کرپشن کے جو فوارے چلے تھے وہ ابھی تک جاری ہیں:زمرد یاسمین
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمردیاسمین رانا نے کہا ہے کہپرویز مشرف کے دور میں کرپشن کے جو فوارے چلے تھے وہ ابھی تک جاری ہیں، ،پرویز مشرف کے دور میں خریدے گئے69میں سے50چینی انجن خراب ہونے کی تحقیقات کی جائیں ،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دس ارب روپے سے خریدے گئے ان انجنوں کے ناکارہ ہونے کا بوجھ قوم پر پڑا ہے ،پرویز مشرف کے دورمیں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ،یہ لوٹ مار کاایسا دور تھا جہاں ہر کوئی کرپشن کے سمندر میں نہا تا رہا اور پھر پیپلزپارٹی نے بھی یہ طور اپنائے ہوئے ہے،پرویزمشرف کی کرپشن کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ،ر یلوے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں ہوتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب کے کاغذی شیر وں نے کاغذی منصوبے شروع کررکھے ہیں:نرگس فیض ملک
لاہور( جی پی آئی) پیپلزپارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی نرگس فیض ملک نے کہا ہے کہ پنجاب کے کاغذی شیر وں نے کاغذی منصوبے شروع کررکھے ہیں ،چار سال تک سوئے رہنے والوں نے الیکشن قریب آتے ہی منصوبے شروع کئے ہیں مگر لاہور کی اکھاڑ پیچھا ڑ ن لیگ کو شکست سے نہیں بچا سکتی ،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ن لیگ اب پنجاب میں بھی حکومت نہیں بنا سکے گی ،یہ جھوٹوں کی جماعت ہے ،ریپڈ ٹرانزٹ پروجیکٹ فلاپ ہے اربوں روپے لگا کر صرف چندسوافراد کوفائدہ پہنچایا گیا ہے ،ایسے لوگوں کی عقل پر ماتم کرنے کو دل چاہتا ہے ،عوام کے وسائل ضائع کرنے والے عوام کے لیڈر نہیں ہیں، یہ مسترد شدہ لوگ ہیں جو اچانک اقتدار میںآگئے ہیں،یہ ہی وجہ ہے کہ ان کاہر منصوبہ عوام نے مسترد کردیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الیکشن ملتوی کرانے کی خواہش رکھنے والے خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں:اللہ رکھا چوہدری
لاہور( جی پی آئی)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی اللہ رکھا چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن ملتوی کرانے کی خواہش رکھنے والے خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں UC-45 میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن بروقت ہونگے اور مسلم لیگ تمام صوبوں سمیت وفاق میں حکومت بنائے گی۔ پیپلز پارٹی اپنی ناکامی کی وجہ سے انتخابات ملتوی کرانا چاہتی ہے پیپلز پارٹی نے اگر مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہوتا تو وہ عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازش نہ کرتی۔ ان کے پانچ سالوں میںپیپلز پارٹی نے بجلی کے بحران کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ پیپلز پارٹی کے پاس نہ تو کوئی حکمت عملی ہے اور نہ ہی وہ سنجیدہ ہے جس وجہ سے عوام کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ عوام عام انتخابات کا فوری انعقاد چاہتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔