اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ضیا الحق کے سربراہ اعجاز الحق نے نواب طلال بگٹی کو پنجاب سے الیکشن لڑنے کی پیشکش کر دی۔ اعجاز الحق کہتے ہیں کہ اگر طلال بگٹی چاہیں تو وہ اپنا حلقہ چھوڑ دیں گے۔پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب طلال بگٹی نے اعجاز الحق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طلال بگٹی نے کہا کہ بوچستان کے مسائل حل کرنے کے لئے گرینڈ الائنس تشکیل دیا جا رہا ہے اور رواں ماہ کے آخر میں لاہور میں گرینڈ الائنس کا جلسہ ہوگا۔
انھوں نے بتایا کہ گرینڈ الائنس میں قاف لیگ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ طلال بگٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب بڑے بھائی کا کردار ادا کرے اور بلوچستان سے فوج اور ایف سی کو نکالا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ اسلحہ لائسنسوں کے لئے رحمان ملک نے 60 ہزار روپے فی کس رشوت مانگی ہے۔
اس موقع پر اعجاز الحق نے کہا کہ طلال بگٹی، نواب زادہ نصر اللہ کی طرح کردار ادا کریں۔ بلوچوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر طرح کا تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری طاقتوں کا گرینڈ الائنس خوش آئند اقدام ہے۔