امریکا کے بعد افغان حکومت نے بھی طالبان سے مذاکرات کی کوشش شروع کردی ہے،برطانوی میڈیا کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں طالبان اور افغان حکومت کے درمیان سعودی عرب میں اہم ملاقات ہونے کا امکان ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سابق طالبان اہلکار مولوی قلم الدین کا کہناہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ابھی کوئی مذاکرات نہیں ہورہے تاہم آئندہ چند ہفتوں میں اہم ملاقات سعودی عرب میں ہونے کی توقع ہے۔ افغان اور مغربی ذرائع کے مطابق یہ اہم ملاقات قطر میں طالبان کا دفتر کھلنے سے پہلے ہو سکتی ہے۔ اس سے پہلے طالبان نے صدر کرزئی کی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف امریکہ اور افغانستان کے دیگر بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ بات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات سے قیامِ امن کی امریکی کوششیں پس منظر میں چلی جائیں گی ۔جس کے تحت قطر میں طالبان کا دفتر کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔