پاکستان : (جیو ڈیسک) امریکا میں پاکستانی سفیر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر حملہ ملکی خودمختاری کیخلاف ہے، افغانستان میں کسی مخصوص گروپ کی حمایت نہیں کرتے، افغان پالیسی میں تبدیلی لائے ہیں۔
واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں حالیہ کشیدگی سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے باعث پیدا ہوئی۔ پاکستان اور امریکا کو ایک دوسرے کے مفادکاخیال رکھنا ہو گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان مزید اعتماد سازی کی ضرورت ہے۔ باہمی احترام سے ہی اچھے تعلقات قائم ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے امریکا سے تعلقات مضبوط کرنے کیلئے تاریخ رقم کی۔ امریکا سے تعلقات میں ملکی سالمیت کومقدم رکھا جائیگا۔ امریکا میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں مصالحتی عمل کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ افغانستان میں قیام امن کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ افغان کشیدگی کی پاکستان نے بھاری قیمت ادا کی ہے، پاکستان ہرفورم پردہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔
شیری رحمان نے دہشت گردی کے خلاف عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔