کابل : جنوبی افغانستان میں طالبان جنگجوں نے اتحادی فوج کے مرکز سے باہر ایک سپلائی ڈپو پر حملہ کرکے چار محافظوں کو ہلاک کردیا ۔ جنوبی قندھار صوبے کے ترجمان زلمائی ایوبی نے بتایا کہ بارودی مواد سے مسلح طالبان جنگجوں نے ایک سپلائی ڈپو پر دھاوا بولا جس کا انتظام نیدرلینڈ میں قائم سپریم گروپ کے پاس ہے یہاں سے فوج کو ایندھن فراہم کیا جاتا ہے طالبان کے حملے میں سپلائی ڈپو کی سکیورٹی پر تعینات چار محافظ ہلاک ہوگئے اس دوران جھڑپ بھی ہوئی طالبان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے فورسز نے علاقے کا گھیرا کرکے سکیورٹی سخت کردی ہے تاہم اتحادی فوج کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔ گزشتہ تین روز میں طالبان کی جانب سے تیسری کارروائی تھی اس سے قبل پیر کو وسطی صوبے غزنی کے ایک ضلعی حکومت کے دفاتر پر حملہ کیا گیا جس میں وہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس سے چار طالبان اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین عام شہری بھی زخمی ہوگئے تھے ۔ اس لڑائی سے ایک روز قبل صوبہ پروان میں گورنر ہاس میں چھ خود کش حملوں میں بائیس افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔