امریکہ : (جیو ڈیسک)امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ افغانستان میں القاعدہ اور طالبان کو اقتدار پرقبضہ نہیں کرنے دیں گے،نیٹو فورسز افغانستان میں امن کے لئے پرعزم ہیں۔ برسلز نیٹو ہیڈکوارٹرز میں رکن ممالک کے وزرائے دفاع اور خارجہ کے اجلاس کے بعد امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا کہ نیٹو ممالک دوہزار چودہ تک افغانستان کی سیکورٹی افغان فورسز کے حوالے کردیں گے۔ اس وقت بھی پچاس فیصد افغان عوام کا تحفظ افغان فورسز کررہی ہیں، موسم بہار تک یہ تناسب پچھتر فیصد ہوجائے گا۔
افغان نیشنل سیکورٹی فورسز نے کابل میں ہونے والے حملے ناکام بناکر ثابت کیا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں سیکورٹی کی مکمل ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے تیار ہیں۔امریکی وزیردفاع لیون پینیٹا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کی کمرتوڑ دی ہے جس کے باعث طالبان حملوں میں بتدریج کمی آرہی ہے۔