افیئرز کی ملکہ وینا ملک نے اداکاری سے زیادہ اسکینڈلز میں نام پیدا کیا ہے۔ سال دوہزارگیارہ ان کے لئے لکی ثابت ہوا اور ان کی خبروں میں رہنے کی کوششیں کامیاب ہوئیں۔ اپنے ٹارگٹ تک پہنچ نے کے لئے وینا نے کیا کیا جتن نہیں کئے۔ عمر کا تینتیسواں سال اور سال دوہزار گیارہ کونٹروورسی کوئین وینا ملک کو خوب راس آیا۔اس سال ان کے وہ تمام خواب پورے ہوئے جس کے لئے انہوں نے طویل جنگ لڑی یعنی بار بار ایسی حرکت کرنا جس کے ذریعے خبروں میں آجائیں۔ اداکاری میں محنت کرنیوالی زاہدہ ملک کو جب اپنا مقام نہ ملا تو اپنے نام کے ساتھ کام بھی بدل دیا اوراسکینڈلزکے ذریعے زبان زد عام ہوئیں۔ پہلے پہل تو اداکار ببرک شاہ ان کے منظور نظر ٹھہرے، ان سے شادی کا وعدہ کرکے توڑدینے والی وینا نے کرکٹرمحمد آصف سے محبت کا کھیل کھیلا۔ نظروں ہی نظروں میں کھیلا جانے والا دو دلوں کا میچ تو فکس نہ ہوسکا مگرمحمد آصف کی بے وفائی پر میچ فکسنگ کا فائدہ وینا نے خوب اٹھایا۔ اور ساتھ ساتھ آصف کو جلانے کے لئے لاہوری بزنس مین فیصل اکبر خان سے منگنی کی اور پھرکم عمری کا بہانہ کرکے شادی کے ٹھیک دوماہ پہلے دوسری منگنی بھی توڑدی۔ ابھی محمد آصف کے معاملے پر وینا ملک کے انکشافات کی دھول بھی نہ بیٹھی کہ افیئرزکی ملکہ نے بھارت میں رئیلٹی شوبگ باس کے گھر میں بالی ووڈ اداکاراشمیت پٹیل سے دوستی اوراداں کے جال بچھانے کے لئے کی جانے والی حرکتوں نے انڈیا اور پاکستان میں ہلچل مچادی۔ بگ باس کے گھر سے ہار کر تو نکلیں مگر پانچ بالی ووڈفلموں میں اینٹری ہوگئی، ساتھ ساتھ پہلاآئٹم سونگ بھی مل گیا، مگرابھی وینا کی شہرت کی ہوس ختم نہ ہوئی اور سال کے آخرمیں مردوں کے بھارتی ایف ایچ میگزین کے کور پیج پراپنے ٹیٹواورہاٹ پکس کی تپش نے پاکستان اور بھارت میں آگ بھڑکا دی۔ یوں وینا ملک نے سال دوہزارگیارہ کے دوران میڈیا میں ان رہنے اور فلم حاصل کرنے کا ہدف تو پورا کرلیا لیکن نیا سال ان کیلئے کیسا ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔