دمشق : (جیو ڈیسک) اقوام متحدہ کے مبصرین کی ابتدائی ٹیم شام کے دارالحکومت دمشق پہنچ گئی ہے۔اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ٹیم میں شامل چھ غیرمسلح فوجی مبصرین پیر سے اپنے کام کا آغاز کریں گے جبکہ مزید چوبیس مبصرین اگلے چند دنوں تک شام پہنچیں گے۔ اقوام متحدہ پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ وہ اس امن مشن کے ارکان کی تعداد ڈھائی سو تک لے جائے گا۔
دوسری طرف شام میں فائربندی کے باوجود تشدد کے واقعات جاری ہیں اور حمص میں حکومت کی حامی سکیورٹی فورسز اور باغیوں میں جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ انٹرنیٹ پر جاری کی گئی ایک غیرمصدقہ ویڈیو میں حمص شہر کے علاقے خالدیہ میں گولہ باری کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے گولہ باری پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور فریقین سے کہا ہے کہ وہ فائر بندی کا احترام کریں۔