مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا کہ وطنِ عزیز کی سا لمیت اور نظریاتی و جغرافیاتی سرحدیں محفوظ بنانے کیلئے آئندہ الیکشن میں محب وطن قیادت کا انتخاب انتہائی ضروری ہے،موجودہ دور حکومت میں جس بدترین انداز میں ملک کو لاٹا گیا اور عوام کو خاک و خون میں نہلایا گیا اسے سامنے رکھتے ہوئے قوم انتخابات میں انہیں مسترد کرنے کا تہیہ کرلے۔
چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر شاہ پور چاکر سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ نے ہمیشہ عوام کے حقوق کو فوقیت دی بلکہ کراچی پر قابض دہشت گرد جماعت کے خلاف صبر و استقامت سے بھرپور جدوجہد کرنے کی وجہ بھی یہی ہے کہ عوام کو کسی طالع آزما اور سفاک قوت کے حصار میں نہیں دیکھ سکتے ۔ شمشاد خان غوری نے کہا کہ حکومت اور اسکے اتحادیوں کو اپنا انجام صاف نظر آرہا ہے اسی لئے ایک جانب عوام اور قومی اداروں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں تو دوسری جانب نے اپنا گھر بھرنے کیلئے مسلسل کرپشن اور لوٹ مار کررہے ہیں تاکہ اقتدار سے محرومی کے بعد عوام کے اسی پیسے کے بل بوتے پر بیرون ملک عشر کدے آباد کئے جاسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ جمہوری معاشرے اور جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو انکا حق دلانے کیلئے جمہوری طریقہ کار اختیار کرتی رہی ہے اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے آئندہ الیکشن میں بھرپور شرکت کی تیاریاں جاری ہیں عوام دہشت گردوں کو مسترد کرنے کا عزم کرلیں ۔