امام حسین علیہ السلام نے حق کی سر بلندی کے لیے جو بے مثال قربانی دی وہ امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے۔پیر محمد رفیق احمد
Posted on November 26, 2012 By Geo Urdu گوجرانوالہ
گوجرانوالہ : میدان کرب و بلا میں امام حسین علیہ السلام نے حق کی سر بلندی کے لیے جو بے مثال قربانی دی وہ امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے ان خیالات کا اظہار امیر اعلیٰ عالمی ادارہ تنظیم الاسلام صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمد مجددی نے سالانہ محفل ذکر شہدائے کرب و بلا کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین نے میدان کربلا میں صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے نانا کے دین کو بچانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ، محفل شہدائے کرب و بلا سے خطاب کرتے ہوئے بطل حریت صاحبزادہ پیر محمد عیتق الرحمن مجددی آستانہ عالیہ ڈھانگری شریف کا کہنا تھا کہ قرآن و سنت پر عمل کرتے ہوئے ہر مسلمان کو اپنے تمام تراختلافات پس پشت رکھتے ہوئے اپنی دنیا اور آخرت کو سنوارنا چاہیئے اسی میں ہماری بھلائی ممکن ہے۔
پیر خضر حسین شاہ صاحب منڈی بہا ائولدین نے کہا کہ جو سچا مسلمان اور جذبہ ایمانی سے لبریز ہوتا ہے اور اللہ کی نصرت اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت پر بھروسہ کرتا ہے وہ باطل قوتوں کے سامنے نہیں جھکتا ، بلکہ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے، مبلغ یورپ علامہ ابو طاہر عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ ہمیں امام حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و ملت کی حفاظت کا بیڑہ اٹھانا ہوگا اس کے لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ہر آنے والے وقت میں ہر قربانی کے لیے تیار رہیں ،اس عظیم روحانی محفل سے دیگر مقررین علامہ بشارت علی مجددی ، علامہ نوید اقبال مجددی ، علامہ یٰسین مجددی ، علامہ رمضان مجددی ، علامہ تنویر حسین مجددی نے بھی خطاب کیا۔
تلاوت کلام پاک قاری سید صداقت علی شاہ اور قاری خادم بلال مجددی نے کی ، علاوہ ازیں ملک پاکستان کے نامور علما و مشائخ ، ممتاز سیاسی ، سماجی ، شخصیات سمیت ڈاکٹرز، سکالرز اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔