امریکا(جیوڈیسک) صدراوباما کا کہنا ہے وہ امریکا میں حقیقی تبدیلی لائیں گے جبکہ مٹ رومنی کہتے ہیں جو وعدے چارسال میں وفا نہ ہوئے، وہ آئندہ بھی نہیں ہوں گے۔
ریاست وسکونسن میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اوباما کا کہنا تھا کہ مٹ رومنی تبدیلی کا صرف نام لے رہے ہیں، وہ تبدیلی نہیں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پالیسیاں امریکا میں معاشی استحکام لائیں گی۔ امریکیوں کی قسمت کے فیصلے وال سٹریٹ میں نہیں ہونے چاہئیں۔ اوباما نے کہا،،انہوں نے عراق سے فوج واپس بلانے سمیت تمام وعدے پورے کئے، ان کی حکومت میں کئے گئے معاشی فیصلے دوررس اثرات کے حامل ہوں گے۔ دوسری جانب ری پبلکن امیدوار مٹ رومنی کا کہنا ہے اوباما نے چارسالہ دور میں اپنے وعدے پورے نہیں کئے۔
ریاست ورجینیا میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے رومنی نے کہا کہ وہ صدر منتخب ہوئے تو اپنی ہر بات پرپورا اتریں گے۔ امریکیوں کو مزید نوکریوں کی ضرورت ہے اور وہ یہ نوکریاں پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مٹ رومنی کا کہنا تھا توانائی کے بارے میں صدراوباما کی پالیسی بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی ہیں۔ اوباما خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں اور ان کے خواب امریکیوں کی ضروریات پوری نہیں کرسکتے۔