امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعوی کیا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے عراق سے انخلا کے بعد خلیج فارس میں فوج کی موجودگی بڑھانے کا منصوبہ بنایاہے۔ فوج کی موجودگی سے عراق اور ایران پر نظر رکھی جائیگی۔ نیویارک ٹائمز نے حکام اور سفارتکا روں کے حوالے سے کہا کہ اس سلسلے میں کویت میں جنگی فوجیوں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے جس سے عراق میں سیکیورٹی صورتحال ابتر ہونے۔ یا ایران کی جانب سے فوجی مداخلت کی صورت میں فوری ردعمل ظاہر کرنے میں مدد ملے گی۔ اخبار کے مطابق یہ منصوبہ کئی ماہ سے زیربحث تھا۔ مگر صدر باراک اوبامہ کی جانب سے امریکی فوجیوں کے انخلاکے بعد اس پر تیزی سے کام شروع کردیا گیا ہے۔ امریکی حکام کو تشویش ہے کہ خطے سے فوجی انخلا سے عدم استحکام مزید بدتر ہوسکتا ہے۔ کویت میں زمینی فوجیوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ امریکا خطے کے بین الاقوامی پانیوں میں مزید بحری جنگی جہاز بھیجنے پر بھی غور کر رہا ہے۔