اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات پر اتفاق رائے ناگزیر ہے، پوری دنیا پارلیمنٹ کے فیصلے کی منتظر ہے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سیاسی اور عسکری قیادت کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ کوئی بھی فیصلہ کرنے کے لیے قومی رہنماں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
پارلیمانی کمیٹی نے بہت محنت کی ان کا کردار قابل ستائش ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ میں متفقہ قرار داد لانے کے لیے مختلف جماعتوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے جبکہ پیپلزپارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر تین اور چار اپریل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔