امریکا اور ایران کے مابین کشیدگی میں اضافے کے بعد دو امریکی بحری بیڑے بحیرہ عرب اور بحر ہند پہنچ گئے ہیں۔ ایران نے دھمکی دی ہے کہ امریکی بیڑہ آبنائے ہرمز میں داخل ہوا تو اسے اڑایا جاسکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے واشنگٹن میں ایک بیان میں کہاکہ ایران آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکیاں دے کر پڑوسی ملکوں اور اتحادیوں کا ڈرانا چاہتاہے۔ تہران کو کسی بھی صورت آبنائے ہرمز کو بند نہیں کرنے دیا جائے گا۔ امریکی طیارہ بردار بحری بیڑہ ابراہم لنکن تھائی لینڈ کا دورہ مکمل کرکے بحر ہند میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ دوسرا بحری بیڑہ یو ایس ایس کارل ونسن بھی پیر کے روز بحیرہ عرب پہنچ چکاہے۔ اس سے قبل تہران میں ایرانی ایٹمی سائنسدان کو بم دھماکے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ ایران نے واقعیکی ذمے داری امریکا اور اسرائیل پر عائد کی ہے۔