(جیو ڈیسک) امریکہ اور عراق کے درمیان ایف سولہ طیاروں کی فروخت بارے تین روزہ مذاکرات ہوئے ہیں جن میں عراقی حکام نے ایف سولہ طیاروں کا دوسرا سیٹ خریدنے کی دوبارہ تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون میں امریکی اور عراقی دفاعی حکام کے درمیان ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے حوالے سے تین روزہ مذاکرات ہوئے ہیں۔ مذاکرات کے دوران عراقی حکومت نے 18 ایف سولہ طیاروں کے دوسرے سیٹ کی خریداری کے حوالے سے اپنی دلچسپی کی دوبارہ تصدیق کی ہے جبکہ اس موقع پر امریکی حکام نے ان طیاروں کی فروخت کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف سولہ طیارے اور دیگر فوجی سازوسامان عراق کی سالمیت کے تحفظ اور اس کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاونت کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی سکیورٹی پارٹنر شپ کے عکاس ہونگے۔