واشنگٹن : (جیو ڈیسک)واشنگٹن میں تعینات شامی سفیر کو امریکی حکام نے بہتر گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔اوباما انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا ہے جب عالمی سطح پر شامی شہر حولہ میں ایک سو افراد کے قتل عام پر شدید احتجاج ہورہا ہے۔واضح رہے کہ امریکہ اور برطانیہ سمیت دس مغربی ممالک نے حولہ میں ہونے والے قتلِ عام پر شام کے سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے،،امریکہ اور برطانیہ کے علاوہ جن ممالک نے شامی سفارتکاروں کو اپنے ملک سے نکل جانے کو کہا ہے ان میں فرانس، جرمنی، اٹلی، سپین، کینیڈا، آسٹریلیا، دی نیدرلینڈز اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔
حولہ میں قتلِ عام کے بعد شام کے لیے عرب لیگ اور اقوامِ متحدہ کے مشترکہ ایلچی کوفی عنان نے ایک مرتبہ پھر شامی صدر بشار الاسد سے منگل کو ملاقات کی تھی اور کوفی عنان کا کہنا تھا کہ شام میں حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہے۔