امریکا (جیوڈیسک) امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک میں ہونے والے دوسرے مباحثے میں صدر براک اوباما نے بازی مار لی ہے اور انہوں نے مٹ رومنی کو پندرہ پوائنٹس سے شکست دی۔
دونوں امیدواروں کی ایک دوسرے کی انتخابی مہم کے دوران وعدوں اور دعووں پر تنقید میں بھی تیزی آتی جا رہی ہے۔ خبر ایجنسی کے سروے کے مطابق صدر بارک اوبامہ کو اپنے حریف پر مباحثے کی جنگ میں برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اوباما نے دوسرے مباحثے میں مٹ رومنی کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو موضوع بحث بناکر عوام کی حمایت حاصل کی۔
سروے کے مطابق اوباما کو اڑتالیس اور مٹ رومنی کو تینتیس فیصد امریکی عوام نے پسند کیا۔گیلپ کی تازہ سروے رپورٹ کے مطابق مٹ رومنی اب بھی اوباما سے چھ پوائنٹس آگے ہیں اور اب ان کی مقبولیت اکیاون فیصد ہے جبکہ اوباما کو پینتالیس فیصد امریکی عوام کی حمایت حاصل ہے۔