لاہور : سپریم کورٹ بار کے سابق صدر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ امریکی عہدیداروں کی جارحانہ گفتگو سے عوام میں اضطراب پیدا ہو رہا ہے۔ امریکی قرضوں سے جان چھڑانے کیلئے جنونی انقلاب کی ضرورت ہے۔ وہ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اشرافیہ اور بیوروکریٹس امریکی امداد کے بغیر نہیں رہ سکتے۔ پاکستان امریکا سے تعلقات بگاڑنا نہیں چاہتا ہے لیکن کسی کی ڈکٹیشن بھی قبول نہیں ہے۔ اس وقت امریکا دنیا کی واحد سپر پاور ہے اس سے جنگ جیتنا مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک کا خالق امریکا ہے جسے اس نے روس کے خلاف جنگ میں استعمال کیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اے پی سی کا انعقاد اچھا اقدام ہے اس سے امریکا سمیت پوری دنیا کو قوم کے متحد ہونے کا پیغام ملے گا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان میں خودکش حملے غیر ملکی کر رہے ہیں۔