امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق علاقائی اور بین الاقوامی استحکام کے حصول کے حوالےسے ایک اہم ملک ہے۔ انہوں نے نئی عراقی حکومت کو معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے مدد فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
عراق کے وزیر اعظم کے میڈیا آفس نے بتایا کہ گذشتہ روز امریکی صدر نے وزیراعظم الکاظمی کو ٹیلیفون کیا۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل پربھی بات چیت ہوئی۔
امریکی صدر نے مصطفیٰ الکاظمی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنھبالنے پرمبارک باد پیش کی جب کہ وزیراعظم نے امریکی صدر کی طرف سے معاشی بحران سے نکلنے میں مدد فراہم کرنے کے اعلان پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ عراق ایک مضبوط اور اہم ملک ہے۔ خطے، علاقائی اور بین الاقوامی استحکام کے حصول میں اس کا مرکزی کردار ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ امریکا عراق کو معاشی گرداب سے نکالنے میں ہرممکن فراہم کرے گا۔