لاہور : بلوچستان سے متعلق امریکی قرارداد اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، ن اور ق لیگ نے پنجاب اسمبلی میں مذمتی قراردادیں جمع کرا دیں۔ بلوچستان کے مسئلے پر امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق نے قرارداد جمع کرا دیں۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری ظہیر الدین اور مسلم لیگ ن کی ایم پی اے ڈاکٹر زمرد یاسمین نے پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں قراردایں جمع کرائیں۔ جن میں کہا گیا ہے کہ امریکی کانگریس کی منظور کردہ قرارداد غیر ضروری اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔ جس پر پاکستانی قوم کو تشویش ہے۔
پنجاب اسمبلی کے معزز ایوان کی یہ رائے ہے کہ امریکی کانگریس میں یہ قرارداد سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے پیش کی گئی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، عافیہ صدیقی کی رہائی اور عراق میں انسانیت سوز مظالم پر امریکی کانگریس کا کوئی رکن قرارداد نہیں لایا۔ قرارداد میں بلوچستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ بلوچستان کے سیاستدانوں کو اعتماد میں لے کر مسائل حل کرے۔