سپریم کورٹ نے الیکشن اخراجات محدود کرنے سے متعلق درخواست پر چھبیس سیاسی پارٹیوں کو اپنا تحریری موقف دینے کے لیے نوٹسز جاری کر دیے، جواب تیس روز میں جمع کرانے کا حکم۔ ووٹر لسٹوں کی تیاری اور انتخابی اخراجات محدود کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس شاکر اللہ جان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ سپریم کورٹ کے حکم پر معطل اٹھائیس ارکان اسمبلی کے مقدمات کی بھی سماعت کی گئی۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کے اعلی حکام کی عدم موجودگی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ الیکشن اخراجات محدود کرنے سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن نے اپنا تحریری بیان جمع کرا دیا ہے۔ جسٹس شاکر اللہ جان نے کہا کہ انتخابی اخراجات محدود کرنے کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کو اپنا موقف دینے کے لیے مہلت دینا ضروری ہے۔ مقدمے کی مزید سماعت انتیس فروری تک ملتوی کر دی گئی۔