انتخابی اصلاحات اور احتساب کی آواز سب سے پہلے ہم نے اٹھائی،حلیم عادل شیخ
Posted on January 16, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی (جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ ق سندھ کے جنرل سیکرٹری حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات اور احتساب کی آواز سب سے پہلے ہم نے اٹھائی۔مسلم لیگ ق سیاسی بتوںاور اقتدار کی پرستش کرنے کی بجائے عوام سے محبت کرنے والی جماعت ہے۔ ملک مشکلات کا شکار ہے ہمیںملکی بقاء اور تحفظ کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔ جمہوریت عوام کی طاقت کا نام ہے حالات پر قابو نہ پایاگیا تو اس کے اثرات پورے ملک پر پڑ سکتے ہیں۔
وزیر اعظم سے متعلق عدالتی حکم غیر متوقع ہے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونی چاہئے اگر ایسا ہوا تو یہ ہر شخص کے لیے افسوس کا مقام ہوگا۔ متنازعہ نگراں وزیر اعظم کسی جماعت کو تو کیا کسی بھی محب وطن کو قبول نہیں ہوگا۔ چوہدری شجاعت حسین قانونی اور مہذب انداز میں معاملات کے حل کے خواہاں ہیں۔ مسلم لیگ ق تمام جماعتوں ہی نہیں بلکہ عوامی مشاورت کے ذریعے نگراں سیٹ اپ لانے کی خواہش مند ہے ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا۔حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہا اگر اب بھی سیاسی جماعتیں ملک میں خوشحالی اور امن کے ایجنڈے پر متفق نہ ہوئی تو اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔
انتخابی اصلاحات کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے ۔پر امن انتقال اقتدارکے بعد نگراں حکومت کے لیے صاف ستھرے کردار کے حامل افراد کا چنائوکیا جانا چاہیے ۔آپس کے جھگڑوں کا فائدہ ہمیشہ غیر جمہوری قوتوںنے اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی بھی ہواس کے بعض معاملات میں اختلافات ضرور ہوتے ہیںاور اگر حکومت کمزور ہوتی ہے تو اس کا اثر پوری ریاست پر پڑتا ہے۔