پاکستان نے انسداد دہشت گردی کے لیے عالمی کوششوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے قومی عزم کو ایک مرتبہ پھر دہرایا ہے۔گیارہ ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کی دسویں برسی پر وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان واقعات میں ہلاک ہونے والے افراد اور دنیا بھر میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کو خراج عقیدیت پیش کرنے میں پاکستان امریکہ اور دیگر ممالک کے ساتھ ہے۔آج یہ بھی مناسب ہو گا کہ عالمی برادری برداشت، انسانی ہمدردی، بھائی چارے اور تمام اقوام کے درمیان دوستی کے بہترین تصورات کی توثیق اور ایک بہتر دنیا قائم کرنے کی کوششوں کے عزم کی تجدید کرے۔بیان میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ دہشت گردی نے خود پاکستان کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔دس برس قبل آج ہی کے دن دہشت گردوں نے امریکہ میں مسافر بردار طیاروں کو اغوا کر کے انھیں نیو یارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر اور واشنگٹن میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی عمارتوں سے ٹکرا دیا تھا جب کہ ایک اغوا شدہ طیارہ ریاست پینسلوینیا میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ ان واقعات میں تقریبا تین ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔