انڈونیشیا : آتش فشاں کے سیلاب سے 4 افراد ہلاک، 10 لاپتہ

Flood

Flood

انڈونیشیا : (جیو ڈیسک)انڈونیشیا کے شمالی علاقے میں آتش فشاں کے ملبے والے سیلاب سے 4 افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک 9سالہ بچہ بھی شامل ہے جبکہ مزید 10 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔شمالی صوبہ ملوکو کے شہر ٹرنیٹ کے 11 دیہاتوں میں سیلاب کا پانی گھروں میں گھسنے سے مزید پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔ شدید بارشوں کے باعث یہ سیلاب آیا۔ علاقے سے 280 سے زائد افراد کو نکال کر حکومتی دفاتر اور سکولوں میں رکھا گیا ہے۔ سیلاب سے دو پل اور 15 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ 173 گھروں کو نقصان پہنچا۔

سیلاب میں آتش فشاں پہاڑ گاما لاما کا ملبہ بھی شامل ہو گیا تھا جو جزیرہ ٹرنیٹ کے پورے ملوکو علاقے سے گزرا۔ یہ آتش فشاں پہاڑ دسمبر میں پھوٹا تھا جس سے دو ہزار میٹر بلند دھوئیں کے بادل نکلے۔ شدید بارشوں کے بعد مشرقی علاقے میں دو دریا ابل پڑے اور اس کے پانی میں آتش فشاں پہاڑ کا ملبہ بھی مل گیا جس سے رہائشی علاقے متاثر ہوئے۔