وائٹ ہاوس نے کہا ہے کہ امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان سلامتی کے امور پر اتحاد کے 60 برس مکمل ہونے پر صدر براک اوباما نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کریں گے۔یہ دورہ تین مرحلوں پر مشتمل اس پروگرام کا حصہ ہو گا جس میں وہ ہوائی میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون کی تنظیم کے اجلاس کی میزبانی اور انڈونیشیا کے جزیرہ بالی میں مشرقی ایشیا سربراہی اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔وائٹ ہاس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دورہِ آسٹریلیا میں مسٹر اوباما وزیرِ اعظم جولیا گیلارڈ سے عالمی معاشی ترقی، تجارت اور روزگار کے مواقع سے متعلق تعاون کے فروغ پر بات چیت کریں گے۔اس سے قبل دو موقعوں پر صدر اوباما کے آسٹریلیا اور انڈونیشیا کے دورے منسوخ ہو چکے ہیں، جن کی وجہ واشنگٹن میں ان کی مصروفیت اور خلیجِ میکسیکو میں تیل کے اخراج کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال تھی۔دریں اثنا جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اور وزیر دفاع لیون پنیٹا اپنے آسٹریلوی ہم منصبوں کیون رڈ اور اسٹیفن اسمتھ سے امریکہ کے مغربی شہر سان فرانسسکو میں علاقائی سلامتی کے امور اور دوطرفہ تعاون پر بات چیت کریں گے۔